بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے انعام دینے کی تجویز

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے انعام دینے کی تجویز

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)ملک کے لیے خدمات کے اعتراف اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی دیرپا سہولت کے لیے وزارت اوورسیز پاکستانی نے انہیں انعام دینے کی ایک بڑی تجویز پیش کی ہے، وزارت اس وقت اوورسیز پاکستانیز کو دی جانے والی مراعات کی ایک فہرست تیار کرنے کے عمل میں مصروف ہے جس کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اور مختلف محکمات سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مراعات میں توسیع کی تجاویز پیش کریں،اسی مناسبت سے کامرس ڈویژن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم وہ پاکستانی جو دو سال کے عرصے میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم بھیجتے ہیں، ان کو3000cc تک ایک ہائی بریڈ گاڑی ڈیوٹی فری لانے کی اجازت دینے پر اپنی رائے دیں۔ تاہم وزارت کامرس نے یہی تجویز وزارت صنعت و پیداوار کو ارسال کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ ان کی رائے سے بھی آگاہی مل سکے۔ تمام محکمات سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اس تجویز پر اپنے تبصرے پیش کریں تاکہ وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز مقررہ وقت کے اندر اندر اس فہرست کو تیار کر سکے۔معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز جناب زلفی بخاری نے اس اقدام کی پوری قوت کے ساتھ حمایت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی خزانے میں شراکت کے بدلے انعام دیا جائے گا بلکہ اس سے ہنڈی اور حوالے کے کلچر کو بھی کم کیا جاسکے گا۔ وزیراعظم کے مشیر اس وقت دوھا قطر کے تین روزہ دورے پر ہیں جہاں وہ پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے قطر کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں

مزید : پشاورصفحہ آخر