مہا نالائق حکومت کی بیسا کھیاں ٹوٹنے والی ہیں، تمام پالیسیاں فیل ہو گئیں: سراج الحق

مہا نالائق حکومت کی بیسا کھیاں ٹوٹنے والی ہیں، تمام پالیسیاں فیل ہو گئیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملکی تاریخ کے 72 سالوں میں آئین اور اداروں کے ساتھ ایسے مذاق اور کھلواڑ کی مثال نہیں ملتی جو موجودہ حکومت کر رہی ہے۔ حکومت کی نالائقی روز اول سے واضح تھی مگر آج دن بھر ہونے والے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ یہ مہا نالائق ہیں۔ حکمرانوں نے اپنے ساتھ اداروں کا تاثر بھی بری مجروح کیاہے۔ ملک و قوم کی باگ ڈور ایسے غیر سنجیدہ لوگوں کے ہاتھوں میں ہونا افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے منصورہ میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد، پشاور، راولپنڈی اور ملتان کے امرائے ضلع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے اپنے مفاد میں قومی اداروں کا وقار مجروح کردیاہے۔ پرویز مشرف کو بچانے کی کوشش میں حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیاہے۔ حکومت کی بیساکھیاں ٹوٹنے والی ہیں۔ جمہوریت اور آئین و قانون کی حکمرانی عوام کا مطالبہ ہے۔ موجودہ حکومت میں کرپشن کے گراف میں اضافہ ہواہے۔حکومت کی تمام پالیسیاں فیل ہوگئی ہیں اور جائز کاموں کے لیے بھی رشوت دینا پڑتی ہے۔ مشرف قومی مجرم ہے جس نے ملک کو امریکہ کی کالونی بنایا اور دستور پاکستان کی تضحیک کی مگر آج حکومت اس ڈکٹیٹر کے کندھے کے ساتھ کندھا لگا کرکھڑی ہے اور عدالتوں کو طاقتور کونہ پکڑنے کا طعنہ دینے والے خود ایک بھگوڑے جرنیل کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر سیاسی سموگ اور فوگ کی یہی صورتحال رہی تو ڈر ہے کوئی حادثہ نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ ملک پہلے ہی مشکلات میں گھرا ہواتھا لیکن حکمرانوں کی نااہلی اور غیر سنجیدگی اسے ہر روز نئے بحرانوں سے دوچار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -