گنے کی امدادی قیمت پر نظرثانی تجاویز زیر غور، کاشتکاروں کو محنت کا پورا معاوضہ ملے گا: عثمان بزدار

گنے کی امدادی قیمت پر نظرثانی تجاویز زیر غور، کاشتکاروں کو محنت کا پورا ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ حکومت گنے کے کاشتکارو ں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا، گنے کے کاشتکاروں کے مفادات پر آنچ نہیں آنے دیں گے،کاشتکاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے، آئندہ بھی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں گنے کے کرشنگ سیزن کے آغازاورکاشتکاروں کو ادا ئیگیوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ رواں سیزن کیلئے گنے کی امدادی قیمت پرنظر ثانی کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ گنے کی امدادی قیمت بڑھانے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے،گنے کے وزن میں کٹوتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اوروزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاتفریق ایکشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنوں میں کسان دوست حکومت ہے، وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق زراعت کے فروغ اور کاشتکار کی آمدن میں اضافے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ اس وقت 5لاکھ میٹرک ٹن چینی سٹاک میں موجود ہے اورکرشنگ سیزن کے بعد تقریباً 35لاکھ میٹرک ٹن چینی کی پیداوار متوقع ہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں،سردارعثمان بزدار نے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے احکامات دئیے،وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں صوبائی وزراء شوکت علی لالیکا،محمد جہانزیب خان کھچی، محمد اخلاق،اراکین پنجاب اسمبلی محمد اعجاز حسین،رائے ظہور احمد،محمد علی رضا خان خاکوانی،فردوس رہنا، شمیم آفتاب،ظفر اقبال،غلام علی اصغر،سبرینا جاوید،عابدہ بی بی،فرح آغا،شاہینہ کریم اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدارنے کہا کہ سابق ادوار میں ون مین شو کے ذریعے حکومت چلائی جاتی رہی اور منتخب نمائندوں اور اسمبلی سے مشاورت کویکسر نظرانداز کیا گیا، سابق حکومتوں نے ذاتی مفادات کی خاطر پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج کیااور ہر ادارے کو تباہ کر کے ملک سے کھلواڑ کیاگیالیکن تحریک انصاف کی حکومت کی دن رات محنت سے آج پاکستان پائیدار معاشی ترقی کے سفر کی جانب چل پڑا ہے اورہم سابق دور کے کانٹوں کو ایک ایک کر کے چن رہے ہیں۔سردارعثمان بزدار نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرکے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے اور ہمارے دور میں کوئی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔سردارعثمان بزدار نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔پنجاب کو وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مثالی صوبہ بنائیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن(ایمرا) کے انتخابات میں کامیابی پرنومنتخب صدرآصف بٹ، سیکرٹری سلیم شیخ،سینئر نائب صدرجواد ملک، نائب صدر عرفان ملک، فنانس سیکرٹری ارشد چودھری،ایڈیشنل سیکرٹری نعمان شیخ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری کنورعزیزاورجوائنٹ سیکرٹری عبدالقادر خواجہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے نومنتخب عہدیداران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب عہدیداران پر الیکٹرانک میڈیارپورٹرز ایسوسی ایشن کے صحافیوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، امید ہے وہ اس پر پورا اتریں گے اور نومنتخب عہدیداران ایمراء کو مزید موثر پلیٹ فارم بنائیں گے۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول