خطے کو چیلنجز کا سامنا، افریقی ممالک کیساتھ سکیورٹی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں: شاہ محمود

خطے کو چیلنجز کا سامنا، افریقی ممالک کیساتھ سکیورٹی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں: ...

  



اسلام آباد (این این آئی،آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت خطے کی سکیورٹی کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، افریقی ملکوں کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفیروں کی2روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی و سفارتی تعلقات ہیں،افریقی ممالک کے ساتھ مثبت، بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے باہمی اصولوں کے تحت روابط کے خواہشمند ہیں،ہمیں افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے،مجھے امید ہے یہ سفراء کانفرنس افریقی ممالک کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کریگی۔ بدھ کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی وزارت خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صدر مملکت کا خیرمقدم کیا۔صدر پاکستان نے وزارت خارجہ میں منعقدہ افریقی ممالک کی دو روزہ سفراء کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں انتہائی مسرت ہے کہ اس وقت صدر پاکستان اس 2 روزہ سفراء کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت فرما رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کانفرنس کے دو بنیادی مقاصد ہیں،پہلا افریقی ممالک کے ساتھ اپنے روابط کا فروغ اور دوسرا پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے عملی اقدام کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ افریقہ ایک اہم براعظم ہے 54 ممالک پر مشتمل، 2.3ٹریلین ڈالر کی مجموعی جی ڈی پی کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے افریقی ممالک کے ساتھ بہترین سیاسی، سفارتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی فورسز قیام امن کیلئے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے تحت بہت سے افریقی ممالک میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں،پاکستان نے نیم، جی 77،جیسے بین الاقوامی فورمز پر افریقی ممالک کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ افریقی ممالک کے 700 ڈپلومیٹس، پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں لیکن ہمیں افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم افریقی ممالک کے ساتھ مثبت، بامقصد اور یکساں ترقی کے مقاصد کے باہمی اصولوں کے تحت روابط کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے یہ سفراء کانفرنس افریقی ممالک کے ساتھ ہمارے باہمی تعلقات اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کریگی۔بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت افریقی ممالک کی سفرا ء کانفرنس کے دوسرے سیشن کا آغاز ہوا تو سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا بھی کانفرنس میں شریک تھے۔ کانفرنس میں الجیریا، مالی اور موریطانیہ اور دیگر افریقی ممالک میں موجود دو طرفہ تعاون کے حوالے سے میسر اقتصادی مواقعوں کا جائزہ لیا گیا۔افریقی ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء نے افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاشی تعاون اور تجارتی حجم میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ سفراء کانفرنس آج بھی وزارت خارجہ میں جاری رہے گی۔ اختتامی سیشن سے وزیر اعظم عمران خان خطاب کرینگے۔علاوہ ازیں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں خطے کی صورتحال، دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود /ملاقات

مزید : صفحہ اول