جنرل قمر باجوہ باصلاحیت و قابل جرنیل ہیں، شجاعت حسین

جنرل قمر باجوہ باصلاحیت و قابل جرنیل ہیں، شجاعت حسین

  



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ ایک باصلاحیت اور قابل جرنیل ہیں۔قوم کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی اشد ضرورت ہے۔اپنی رہائشگاہ پر سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے وزیر اعظم عمران خان کے فیصلہ کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان کے خلاف تمام سازشوں کو نہ صرف ناکام بنایا ہے۔ جنرل باجوہ نے کشمیری قوم کو حوصلہ اور جذبہ دیاہے کہ ان کی آزادی کے دن بہت قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار کی تقرری ایک باقاعدہ نظام کے تحت ہوتی ہے۔ آرمی چیف کی تقرری کے قانونی پہلو سپریم کورٹ میں زیربحث ہیں۔ پوری پاکستانی قوم کو حیرانی ہے کہ ہندوستانی میڈیا اس مسلے کو سامنے رکھ کر پاکستان کی حکومت، فوج اور عدلیہ کو حسبِ معمول تنقید کانشانہ بنا رہا ہے، یہ ہمارا اندرونی مسئلہ ہے اور اس سے ہندوستان یا کسی بھی اور ملک کا کوئی تعلق نہیں۔آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملہ پر بھارت کیوں خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے مشکل حالات میں پاکستان میں معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور پاک فوج نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کویاد رکھنا چاہے کہ اگر اس نے پاکستان کے خلاف کوئی غلط اندازے لگائے تو وہ گہرا اور نا قابل تلافی نقصان اٹھائے گا۔ پاکستان کی افواج ملک کے دفاع کی بھر پور صلاحت رکھتی ہیں۔

شجاعت حسین

مزید : صفحہ اول