پاک بحریہ کے فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)۔4کی لانچنگ کی تقریب

پاک بحریہ کے فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)۔4کی لانچنگ کی تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)مقامی سطح پر ڈیزائن کی جانے والی پہلی جبکہ پاکستان بحریہ کے لئے مقامی سطح پر تیار کی جانے والی چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)4- کی لانچنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔وفاقی وزیربرائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) - 4 جدید ملٹی مشن جہاز ہے جس کی لمبائی 63 میٹر ہے اوروزن 560 ٹن ہے۔یہ 04 شافٹس کے ذریعے چلتا ہے اور اس کی رفتار 30 ناٹس ہے۔یہ میزائل کرافٹ مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائلوں اور سینسرز سے لیس ہوگا۔جہاز کو مقامی طور پر میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس (ایم ٹی سی) نے ڈیزائن کیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاک بحریہ، میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کو مقامی سطح پر تیاری اور خود انحصاری کے قومی اہداف کے حصول میں اس سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس پبلک سیکٹر کی ان چند صنعتوں میں سے ایک ہے جنہوں نے گذشتہ دہائی میں نمایاں ترقی کی اور منسٹری آف ڈیفنس پروڈکشن کے لئے پائیدار منافع پیدا کرنے والے اداروں میں شامل ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی آئندہ معاشی ترقی کو دیکھتے ہوئے وزارتِ دفاعی پیداوار بھرپور طریقے سے نئے شپ یارڈز کے قیام کے لیے سرگرم ہے۔انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملکی بحری بیڑے میں اس میزائل کرافٹ کی شمولیت سے ملکی سمندری حدود کی مزید مؤثر طریقے سے حفاظت کی جا سکے گی۔قبل ازیں، منیجنگ ڈائریکٹر ر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس، ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے استقبالیہ خطاب میں وزارت دفاعی پیداوراور پاکستان بحریہ کی جانب سے مسلسل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ برسوں کے دورا ن کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس نے بین الاقوامی معیار کے متعدد منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔اس کے نتیجے میں پاک بحریہ نے ملجم کلاس بحری جہازوں، ہنگور کلاس آبدوزوں اور بولارڈ ٹگز کے لئے تعمیراتی ٹھیکے دے کر کراچی شپ یارڈ پر اپنے اعتمادکا اظہار کیا ہے۔منصوبے کے مطابق دونوں ٹگز کی تعمیر کا کام شروع ہوچکا ہے جبکہ ملجم کلاس بحری جہاز اور ہنگور کلاس آبدوزوں کی تعمیر کے لیے تیاری جاری ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس بین الاقوامی معیار کے مطابق مختص بجٹ کے اندر ان تمام پروجیکٹس کو بر وقت مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔تقریب میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں، پاکستان بحریہ اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے اعلی عہدیداران اورمعززین نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -