وفاقی حکومت کراچی کی بلدیاتی حکومت کو براہ راست فنڈ دینے پر رضامند

وفاقی حکومت کراچی کی بلدیاتی حکومت کو براہ راست فنڈ دینے پر رضامند

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کی اسلام آباد میں بیٹھک رنگ لے آئی، وفاقی حکومت نے کراچی کی بلدیاتی حکومت کو براہ راست فنڈنگ پر رضامندی ظاہر کردی، سندھ حکومت نے اس اقدام کی مخالفت کی ہے۔تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے تعلقات میں نیا موڑآگیا، وفاق کراچی اور حیدرآباد کی بلدیاتی حکومتوں کو براہ راست فنڈز فراہم کرنے پر راضی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق یہ اہم فیصلہ اسلام آباد میں دونوں جماعتوں کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کی بیٹھک میں ہوا، وفاقی حکومت نے بلدیہ عظمی کراچی کو دو ارب جبکہ حیدرآباد کی بلدیاتی حکومت کو پچاس کروڑ روپے دینے کی حامی بھرلی ہے۔ادھر وزیراطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاق من پسند اتحادی کو جوڑے رکھنے کے لیے فنڈز فراہم کرے گا تو مخالفت کریں گے۔اس سے قبل وفاقی حکومت کراچی میں زیرالتوا ترقیاتی منصوبوں کے لیے ساڑھے آٹھ ارب روپے سندھ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کو جاری کرچکی ہے، جو گرین لائن، میٹرک بورڈ سگنل فری کوریڈور، نشتر روڈ اور منگھوپیر روڈ کی تعمیر پر خرچ کیے جائیں گے۔

مزید : صفحہ اول