پاکستان بین الاقوامی میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کیلئے کوشاں ہے: علی زیدی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہاہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سیکٹر کی بہتری میں کردار ادا کرے گا، پاکستان پورے ایشیاء کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارت میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔لندن میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے 31ویں اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے پاکستان کی عالمی سطح پر سمندری تجارت کے حوالے سے جغرافیائی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی، وسطی اور جنوب وسطی ایشیا کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف او آئی ایم او کی شقوں کی پابندی کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔علی زیدی نے نئی شپنگ پالیسی کے بارے میں بتاتے ہوئے دنیا کو پاکستانی سی فیئرز کی سروسز سے مستفید ہونے کی دعوت بھی دی۔انہوں نے پاکستان کی سمندری آلودگی کم کرنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی بہتر کرنے کی کوششوں سے بھی شرکا کو آگاہی دی۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں موجودہ بلیو اکانومی کی صلاحیت، لوگوں کے اس سے جڑے روزگار، کاروباری فوائد، وزارت کے سی فیئرز اور شپنگ انڈسٹری کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سیکٹر کی بہتری میں کردار ادا کرے گا اور اگلے سال ہونے والے آئی ایم او الیکشن میں حصہ بھی لے گا۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن کی سور الجاثیہ کی آیت نمبر 12 سے کیا۔ علی زیدی نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکا کو پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔