خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار ایک پارلیمانی سیاسی جماعت دوبارہ منتخب ہوئی، محمود خان

خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار ایک پارلیمانی سیاسی جماعت دوبارہ منتخب ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سپیکر قومی اسمبلی سے خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کا م کریں گے۔ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک پارلیمانی سیاسی جماعت کو دوبارہ منتخب کیا گیا ہے، ہمیں عوامی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ صوبے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں صنعت کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے تاکہ صوبے کو معاشی طور پرمستحکم کیا جاسکے اور صنعت کاری کے ذریعے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ موجودہ حکومت نے اس ضمن میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے، اور صوبے میں معیشت کی استحکام کے لئے بیرونی سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ ہماری ترجیحات ان میگا منصوبوں کی جلد تکمیل ہے جن سے معیشت مزید بہتر ہو۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے 90%سے زائد محاصل کے لئے وفاقی حکومت پر انحصار کر تی ہے جسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی حکومت کی طرف سے میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں پہلی دفعہ سیاحت کو بطور صنعت متعارف کرارہا ہے جبکہ سیاحت کے فروغ کے لئے بیرونی سرمایہ کاروں کو بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رشکئی سپیشل اکنامک زون، حطار اکنامک زون، دربند اکنامک زون اور صوبے کے دیگر سپیشل اکنامک زونز کی تکمیل سے معاشی انقلاب ممکن ہو سکے گا۔ ہم خیبرپختونخوا کو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کے لئے علاقائی مرکز بنانے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوات ایکسپریس وے اور پشاور ٹو ڈی آئی خا ن ایکسپریس وے سے شمالی اور جنوبی اضلاع میں مواصلاتی نظام کو مؤثر بنانے جار ہے ہیں، جس سے نہ صرف عوام کو سفری سہولیات میسر آئیگی، بلکہ ان اضلاع کا ملک کے دیگر بڑے شہروں کی منڈیوں تک رسائی بھی آسان ہو سکے گی۔یہ منصوبے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے بطور گیٹ وے بھی استعمال ہو ں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پڑوسی ممالک جیسے ایران اور چائنہ کے سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں تاکہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو وسعت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی دیرپا ترقی کے لئے صوبائی حکومت ان اضلاع میں بھی صنعت کاری کو فروغ دے رہے ہیں۔ قبائلی اضلاع میں عوام کوبہتر بنیادی خدمات فراہم کر نے کے لئے سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹر ز کا قیام بھی ممکن بنایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی صوبائی حکومت کی ترجیحات ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت اور تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اصلاحات لا رہے ہیں، جبکہ صوبے میں امن و امان کی مزید بہتری کے لئے خصوصی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ خیبرپختونخوا میں دیرپا ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے قابل تعریف ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کو بھی سراہاہے۔

مزید : صفحہ اول