پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی سب سے مہنگا ٹکٹ کتنے کا ہو گا؟ پاکستانیوں کیلئے ناقابل یقین خوشخبری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں زیادہ سے زیادہ شائقین کی آمد کو یقینی بنانے کیلئے تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ مہنگا ترین ٹکٹ 500 روپے سے بھی کم رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ وی آئی پی انکلوژر کیلئے 400 یا 300 روپے کا ٹکٹ رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ دوسرے انکلوژر کی قیمت 200 اور 100 روپے ہوسکتی ہے۔ کم سے کم ٹکٹ 100 روپے رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ تعلیمی اداروں کے گروپس کا داخلہ مفت رکھنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے پاک سیری لنکا ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹ کے مختلف ڈیزائن تیار کئے گئے ہیں، آئندہ ہفتے اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعد قیمت اور ٹکٹ ڈیزائن کو فائنل کئے جانے کے بعد پرنٹنگ کیلئے بھجوا دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ساتھ 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا کی ٹیم 9 دسمبر کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے، 11 دسمبر سے پاکستان اور سری لنکا کے مابین پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا ہے۔