”اینڈی رابرٹس نسیم شاہ کے والد نہیں ہیں“

”اینڈی رابرٹس نسیم شاہ کے والد نہیں ہیں“
”اینڈی رابرٹس نسیم شاہ کے والد نہیں ہیں“

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق سپن باﺅلر عبدالقادر مرحوم کے بیٹے سلمان قادر، جو فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ کے کوچ بھی ہیں، نے ان کی عمر کے حوالے سے دھوکہ دہی کی باتوں کو غلط قرار دیدیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ باﺅلر اینڈری رابرٹس نے تین سال قبل دئیے گئے ایک انٹرویو میں نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے بات کی تھی جبکہ کچھ روز قبل بھارتی کرکٹر محمد کیف نے بھی اس حوالے سے دو سال قبل کی گئی ایک ٹویٹ کا حوالے دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس حساب سے ان کی عمر18 سال ہونی چاہئے تھی۔

سلمان قادر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ” اینڈی رابرٹس نسیم شاہ کے والد نہیں ہیں اور میں یہ گارنٹی دے سکتا ہوں کہ فاسٹ باﺅلر صرف 16 سال کے ہیں۔ وہ 4 سال قبل ہماری اکیڈمی میں آئے تو ان کی عمر صرف 12 سال تھی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کی ہڈیوں کا ٹیسٹ کیا جبکہ ڈاکٹرز کے پینل نے بھی یہ تصدیق کی تھی کہ ان کی عمر صرف 12 سال ہے۔“

سلمان قادر نے مزید کہا کہ ”ہاں! میں یہ مانتا ہوں کہ ماضی میں پیدائشی پرچی نہ ہونے کے باعث کئی کرکٹرز کی عمر کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے لیکن نسیم شاہ کا معاملہ مختلف ہے کیونکہ ان کے پاس پیدائشی پرچی اور سمارٹ کارڈ موجود ہے۔ ہمارے ملک میں جب کوئی 18 سال کا ہوتا ہے تو سمارٹ کارڈ اس کی قومی شناخت بن جاتا ہے۔“

مزید : کھیل