غذا کی ماہر خاتون نے کیلے کے چھلکے کھانے کا حیران کن فائدہ بتادیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کیلے کا چھلکا کھانا کتنا عجیب اور احمقانہ حرکت لگے گی لیکن ایک ماہرغذائیات نے اس کے کچھ ایسے حیران کن فوائد بتا دیئے ہیں کہ سن کر آپ بھی یہ کام کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق سوزی بریل نامی اس ماہر کا کہنا ہے کہ کیلے کا چھلکا آپ کی جلد کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے، اسے کھانے سے وزن کم ہوتا ہے اور نیند کامعیار بہتر ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں آپ کی مجموعی صحت میں حیران کن بہتری آ سکتی ہے۔
سوزی بریل کا کہنا تھا کہ ”کیلے کے گودے کی نسبت اس کے چھلکے میں فائبر، وٹامن بی 5اور وٹامن سی زیادہ پائے جاتے ہیں چنانچہ چھلکوں کو کھانا کیلے سے کہیں زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ سبز، پیلے اور بھورے رنگ کے کیلے کے چھلکے الگ الگ غذائی اجزاءفراہم کرتے ہیں۔اگر آپ کیلے کا چھلکا کھانا شروع کر دیتے ہیں تو آپ کے جسم کو 10فیصد اضافی فائبر، 20فیصد اضافی وٹامن بی 5اور 20فیصد اضافی وٹامن سی ملنے لگے گا۔ “ سوزی کا کہنا تھا کہ ”کیلے کا چھلکا خام حالت میں کھانا لوگوں کے لیے مشکل ہوتا ہے تاہم آپ اسے سالن وغیرہ میں ڈال کر کھا سکتے ہیں۔ اس طرح بھی آپ اس کے بھرپور فوائد سے مستفید ہو سکتے ہیں۔“