’جب ڈالر بڑھتا ہے تو ہمیں فائدہ ہوتا ہے‘ کے پی کے کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کی باتوں پر پاکستانیوں کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے

’جب ڈالر بڑھتا ہے تو ہمیں فائدہ ہوتا ہے‘ کے پی کے کے وزیر اطلاعات شوکت ...
’جب ڈالر بڑھتا ہے تو ہمیں فائدہ ہوتا ہے‘ کے پی کے کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کی باتوں پر پاکستانیوں کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پوری قوم ڈالر کی قیمت بڑھنے اور روپے کی بے قدری ہونے کے باعث آنے والے مہنگائی کے طوفان سے پریشان ہے۔ ایسے میں پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت کے وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے ڈالر کی قیمت بڑھنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ایسا فائدہ بتا دیا کہ پاکستانی قوم حیرت سے ان کا منہ تکتی رہ گئی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق گزشتہ روز شوکت یوسف زئی نے ڈالر کی قیمت پر سخن سرائی کرتے ہوئے فرمایا کہ ’انجام کار ڈالر کی قیمت میں اضافہ پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ اب تو لوگ ڈالر کی قیمت بڑھنے شکوہ کناں ہیں لیکن طویل مدتی تناظر میں اس کے بے شمار فوائد ہمیں حاصل ہوں گے۔“
میڈیا سے گفتگو میں اپنی اس عجیب منطق کی توجیح پیش کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ”یہ جو ڈالر اوپر چڑھا ہے ، اس سے ہمیں فائدہ یہ ہوا ہے۔ ہمیں فائدہ یہ ہوا ہے کہ ایک طرف اس کی لاگت 3ارب بڑھ گئی، دوسری طرف ہمیں ساڑھے تین ارب، پونے چار ارب بچت ہو گئی، کیونکہ ہم نے تو ادائیگی پاکستانی روپے میں کرنی ہے۔ تو ہمیں تو فائدہ ہوا ہے۔ یہ چیزیں لوگوں کو نہیں معلوم، وہ تو بیٹھے بس کہتے رہتے ہیں کہ لاگت بڑھتی جا رہی ہے، بڑھتی جا رہی ہے، پتا نہیں کیا ہو رہا ہے، اس کی لاگت کبھی نہیں بڑھی، صرف تین ارب روپے بڑھی ہے لیکن ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ہمیں اس سے زیادہ بچت بھی ہو گئی ہے۔ “
وزیر موصوف یہ لاگت اور بچت غالباً پشاور میں بننے والے عالیشان میٹروبس پراجیکٹ کی بتا رہے تھے جس کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ اس کی لاگت دو گنا تک بڑھ چکی ہے مگر منصوبہ تاحال تکمیل کے قریب بھی نہیں پہنچا۔ یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ یہ محترم شوکت یوسف زئی ہی تھے جنہوں نے پاکستانیوں کو ٹماٹر کی قیمت نیچے لانے کااکسیر ٹوٹکا بتایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی سالن میں ٹماٹر کی بجائے دہی کا استعمال شروع کر دیں۔مانگ کم ہونے پر ٹماٹر کی قیمت خود ہی نیچے آ جائے گی۔کیسی رہی؟