ثابت ہوگیا عمران خان نالائق تھے، ہیں اور نالائق ہی رہیں گے:مریم اورنگزیب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کے دن ثابت ہوگیا کہ عمران خان نالائق تھے، نالائق ہیں اور نالائق ہی رہیں گے۔
آرمی چیف مدت ملازمت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم کے بیان پر اپنے رد عمل میں مریم اورنگزیب کا شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کا بیان کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے،آج کے دن ثابت ہوگیا کہ عمران خان نالائق تھے، نالائق ہیں اور نالائق ہی رہیں گے ،اُن کی نالائقی کی سپریم کورٹ نے بھی بار بار نشاندہی کی لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اپنی نالائقی اور نااہلی کا بوجھ دوسروں پر ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے جن پر ملک کو لوٹنے کا الزام لگایا، وہ اُن پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر پائے، البتہ قوم کے سامنے ہر روز، ہر منٹ اور ہر سکینڈ آپ اپنی نالائقی، جھوٹ اور نااہلی ثابت کررہے ہیں، اِن جیسے تاریخی نالائق اور نااہل کے ہوتے ہوئے کسی اور دشمن کی ضرورت نہیں,افسوس آج آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کی بناءپر ملک غیرمحفوظ ہورہا ہے.