حکومت نے تیاری کی ہوتی تو آرمی چیف کے معاملے پر سبکی نہ ہوتی:حمزہ شہباز

حکومت نے تیاری کی ہوتی تو آرمی چیف کے معاملے پر سبکی نہ ہوتی:حمزہ شہباز
حکومت نے تیاری کی ہوتی تو آرمی چیف کے معاملے پر سبکی نہ ہوتی:حمزہ شہباز

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما  اور  پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت نے تیاری کی ہوتی تو آرمی چیف کے معاملے پر سبکی نہ ہوتی، گزشتہ 13 سے 14 ماہ میں ماحول بہت تلخ ہو گیا ہے، سیاست میں تلخی اس حد تک بڑھا دی گئی ہے کہ بیماری ثابت کرنے کے لئے مرنا پڑتا ہے،معاشی حالات  سنبھالنا اَب کسی کے بس کی بات نہیں۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سےگفتگوکرتےہوئےحمزہ شہباز نےکہاکہ نالائقی اورنااہلی نےپنجاب میں ڈیرےڈال رکھے ہیں، تبدیلی یہ ہے کہ14ماہ میں پنجاب میں پانچواں آئی جی آ گیا ہے،حکومت کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، جھوٹ اور نااہلی کا ٹائی ٹینک ڈوبنے والا ہے ، وہ وقت دور نہیں جب یہ اپنے حلقوں میں بھی نہیں جا سکیں گے۔اُنہوں نے کہا کہگزشتہ 13 سے 14 ماہ میں ماحول بہت تلخ ہو گیا ہے، سیاست میں تلخی اس حد تک بڑھا دی گئی ہے کہ بیماری ثابت کرنے کے لئے مرنا پڑتا ہے،نواز شریف نے عمران خان کی تیمارداری کی اور 2 دن کے لئے انتخابی مہم تک معطل کی، بڑا ظرف کسی کسی کو ہی ملتا ہے، نواز شریف کے گردے، دل اور دیگر مسائل ہیں، دوران قید اُن کی بیوی فوت ہو گئیں،مریم نواز نے جیل میں اپنی ماں کو کھویا،اُنہیں والد کی تیمارداری کے لئے نواز شریف کے پاس جانا چاہیے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نوکریاں ملنے کے بجائے لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے، مہنگائی بے پناہ ہو چکی ہے، ادویات ناپید ہیں، دیہات میں لوگ دو وقت کی روٹی کھانے سے محروم ہیں، عام شہری کیسے گزارہ کرے؟ اللہ نہ کرے وہ دن آئے کہ غریب آدمی اپنے گھر بھوک کی وجہ سے  ہمسائے میں آگ نہ لگا دے، یہ معاشی حالات سنبھالنا اب کسی کے بس کی بات نہیں ہے، میثاق معیشت کی پیشکش کا مذاق اڑایا گیا، اِنہیں نہ تب سمجھ آئی تھی اور نہ آج سمجھ آ رہی ہے، آئی ایم ایف کی سب شرائط مان لی گئی ہیں جس کی وجہ سے لوگ جھولیاں اٹھا کر بد دعائیں دے رہے ہیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور