”ہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ سب سے پہلے کون سا کھلاڑی وائرس کا شکار ہوا“ احسان مانی نے اعلان کر دیا

”ہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ سب سے پہلے کون سا کھلاڑی وائرس کا شکار ہوا“ احسان ...
”ہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ سب سے پہلے کون سا کھلاڑی وائرس کا شکار ہوا“ احسان مانی نے اعلان کر دیا
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹرز کے کورونا وائرس کے شکار ہونے سے دورے کو کوئی بڑا خطرہ نہیں ہو گا البتہ اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں کہ کون سا کھلاڑی سب سے پہلے وائرس کا شکار ہوا۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ 6 کھلاڑیوں کے نتائج مثبت آنے کے حوالے سے پی سی بی نے قابل اعتماد لیبارٹری سے کرائے گئے تمام ٹیسٹس کے نتائج نیوزی لینڈ حکومت سے شیئر کئے تھے اور وہ مطمئن ہوگئے تھے، اس بات کا پتہ اور تفتیش کرنے کی ضرورت ہے کہ انہیں کس طرح وائرس لگا۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ متوقع ہے اور سمجھا جارہا کہ لاہور اور آئیسولیشن سہولت کے درمیان کہیں ہوا ہے البتہ ہم اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں کہ کون سا کھلاڑی پہلے متاثر ہوا اور کیسے یہ دوسروں میں منتقل ہوا، ہم نیوزی لینڈ کرکٹ اور ان کی حکومت کے تحفظات کا احترام کرتے ہیں، نیوزی لینڈ پہنچنے کے فوری بعد کچھ معمولی خلاف ورزیاں ہوئیں، جنہیں سیاق و سباق کے بغیر منظر عام پر لے آیا گیا۔ 
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے پر جانے والے پاکستانی دستے کے 6 اراکین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے جس کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔ یہی نہیں بلکہ نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے آج ایک اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے رکن میں وائرس کی تصدیق کر دی جس کے بعد دورہ نیوزی لینڈ کے دوران متاثر ہونے والے اراکین کی تعداد 7 ہوگئی۔

مزید :

کھیل -