قاسم باغ سٹیڈیم میں اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کا قبضہ ، ضلعی انتظامیہ نے ایسا کام کردیا کہ ہر طرف اندھیرا پھیل گیا
ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن )اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سےقاسم باغ سٹیڈیم کےدروازوں کے تالے توڑتے ہوئے گراؤنڈ پر قبضہ جمایا تو ضلعی انتظامیہ نے سٹیڈیم کی بجلی ہی کاٹ دی جس سے پورا گراؤنڈ اندھیرے میں ڈوب گیا، سٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال کر جلسہ عام کی تیاریاں شروع کرنے والے کارکنوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملتان انتظامیہ نے قاسم باغ سٹیڈیم کی بجلی کا کنکشن کاٹ دیاہےجس سےپوراسٹیڈیم اندھیرے میں ڈوب گیاہے،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اورجمعیت علمائےاسلام ف کے کارکنان نے پیپلزپارٹی کے رہنما علی موسیٰ گیلانی کی قیادت میں مختلف مقامات سے ریلیاں نکالیں اور رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچ گئے اور تالے اور گیٹ توڑ کرسٹیڈیم کے اندر داخل ہو گئے تھے ،کارکنوں نے جلسے کی اجازت نہ ملنے پرسٹیڈیم میں دھرنا دینے کا اعلان کررکھا ہے۔
اس سےقبل ملتان پولیس کی پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کےکارکنوں کےدرمیان ہاتھاپائی اور تلخ کلامی بھی ہوئی ،اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کی طرف لگائے گئی تمام رکاوٹیں ہٹا دی ہیں جبکہ ساؤنڈ سسٹم ،کرسیوں سے بھرے ٹرک اور سٹیج کی تیاری کے لیے کنٹینر سمیت تمام سامان قلعہ کہنہ قاسم باغ میں پہنچا دیا گیا ہے،اس موقع پر کارکنوں میں بریانی کے ڈبے بھی تقیسم کئے گئے ،بریانی کے حصول کے لئے کارکنوں میں دھکم پیل بھی ہوئی ۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم نے 30 نومبر کو قلعہ کہنہ قاسم باغ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم انتظامیہ نے اجازت نہ دیتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں۔