لاہور کی لڑکی نے بابر اعظم پر جنسی تعلق قائم کرنے کا الزام عائد کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور کی رہائشی لڑکی حامزہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم پر جنسی تعلق قائم کرنے کا الزام عائد کردیا۔
لاہور کی رہائشی حامزہ نامی لڑکی کا پاکستانی کرکٹر بابر اعظم کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھ مالی اور جنسی زیادتی کو سامنے لانے کے لیے آئی ہوں۔ بابر اعظم سے میرا تعلق اس کے کرکٹ میں آنے سے پہلے کا ہے بابر اعظم اور میں ایک ہی محلے میں رہتے تھے وہ میرا سکول فیلو تھا 2010 میں اس نے مجھے گھر آ کر پرپوز کیا، جسے میں نے قبول کیا، بابر اور میری فیملی نے ہمیں انکار کر دیا۔حامزہ نامی لڑکی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 2011 میں بابر کورٹ میرج کے نام پر مجھے گھر سے بھگا کر لے گیا ،گلبرگ اور پنجاب سوسائٹی میں کرائے کے مکانوں میں رہے ،بابر نے حالات کے پیش نظر نکاح کرنے سے منع کر دیا، میں نے نوکری کی، بابر کو کرکٹر بنانے میں میرا کردار ہے، میرے سیلون سے جتنی انکم تھی وہ بابر کو دیتی رہی، قومی ٹیم میں نام آتے ہی اس کا رویہ تبدیل ہونا شروع ہو گیا ،حالات ایسے تھے کے میں گھر نہیں جا سکتی تھی۔