بزم اردو کے زیر اہتمام مشاعرہ، وصی شاہ کی شرکت

بزم اردو کے زیر اہتمام مشاعرہ، وصی شاہ کی شرکت
بزم اردو کے زیر اہتمام مشاعرہ، وصی شاہ کی شرکت

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں کووڈ 19کے اثرات کم ہوتے ہی محدود پیمانے پر ہر طرح کی تقریبات کی اجازت مل گئی ہے۔ ایک عرصہ کے بعد پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں بزم اردو کے تعاون سے یو اے ای کے 50 ویں نیشنل ڈے کے موقع پر ایک عظیم الشان مشاعرہ کا انعقاد ہوا جس میں امارات بھر سے اردو جاننے اور شعر و ادب سے تعلق رکھنے والوں نے بھرپور شرکت کر کے مشاعرہ کو یادگار بنادیا اور چار چاند لگادیے۔ مشاعرہ کے انعقاد اور لوگوں کی بھرپور شرکت سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی بھی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ مشاعرہ کے انعقاد سے ایک عرصہ بعد پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں اس قدر رش دیکھنے کو ملا۔

یہ تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی پہلے یو اے ای کا نیشنل ڈے منایا گیا اور بعدازاں مشاعرہ کا انعقاد ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور اس کے ترجمہ سے ہوا۔ استقبالیہ کلمات پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے کلچرل ڈائریکٹر زاہد حسین نے ادا کیے۔ جشن قومی اتحاد کے موضوع پر نورالصباح نے تقریر کی۔ مس ترنم نے مقامی عرب شاعر ڈاکٹر زبیر فاروق کا تعارف پیش کیا۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان اور بزم اردو کے صدر شکیل مہمانان خاص تھے۔ پاکستان کے معروف شاعر وصی شاہ کو مشاعرہ میں شرکت کے لیے خصوصٰ طور پر دعوت دی گئی تھی جبکہ ان کے ہال میں آمد پر تالیوں کی گونج میں استقبال کیا گیا۔

مشاعرہ میں ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی، وجے تیواڑی، ڈاکٹر ثروت زہرہ، سید تابش زیدی، ناصر نعیم، عائشہ شیخ عاشی، شہباز شمسی، موسی ملیح آبادی، رضا احمد رضا، نعیم رسول، سید مسعود نقوی اور عدنان مصور نے اپنا اپنا کلام پڑھا اور سامعین سے داد و تحسین وصول کی۔ مشاعرہ کی نظامت کے فرائض رحمان فارس نے ادا کیے۔ مشاعرہ رات گئے تک جاری رہا جسے حاضرین مجلس نے آخر تک ذوق و شوق اور پوری دلچسپی کے ساتھ سنا۔ ایک عرصہ کے بعد ایسی تقریب کے انعقاد پر شرکاءنے بزم اردو کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ایسی ہی تقاریب کے انعقاد کی امید کی۔ 

مزید :

تارکین پاکستان -