مستنصر حسین تارڑ کی طبیعت قدرے بہتر‘ ایم ایس پی آئی سی 

مستنصر حسین تارڑ کی طبیعت قدرے بہتر‘ ایم ایس پی آئی سی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر تحسین نے کہا ہے کہ معروف ادیب، سیاح، سفر نامہ نگار اور دانشور مستنصر حسین تارڑ کی طبیعت قدرے بہتر ہے۔انہوں نے بتایا کہ مستنصرحسین تارڑ کو ہفتہ کے روز ہارٹ بیٹ میں اعتدال نہ ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا، مختلف ٹیسٹوں کے بعد مستنصر حسین تارڑ کو ایکسٹرنل پیس میکر لگانے کے بعد سی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ رب کریم مستنصر حسین تارڑ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔
مستنصر حسین تارڑ

حقیقی بیٹے نے ماں کو قتل،باپ، بھائی زخمی کر دیئے، ملزم گرفتار
راولپنڈی (این این آئی)حقیقی بیٹے نے فائرنگ کر کے ماں کو قتل جبکہ باپ اور بھائی زخمی کر دیا، تھانہ سول لائن پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقہ ڈھوک چراغ دین میں سرفراز نامی شخص نے فائرنگ کر کے اپنی والدہ غزالہ کو قتل جبکہ اپنے والد ارشاد اور بھائی دلفراز کو زخمی کردیا۔زخمیوں کو بینظیر بھٹو ہسپتال جبکہ میت ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دی گئی،تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرنے ہوئے ملزم کو تحویل میں لے وقوعہ پر تفتیش شروع کر دی ہے۔
ماں قتل


خالد مقبول کا زرداری سے رابطہ، بلدیاتی حلقہ بندیاں بدلنے کا مطالبہ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندی تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم میں مذاکرات ہوئے، خالد مقبول صدیقی اور آصف علی زرداری کے درمیان رابطہ ہوا جبکہ سابق صدر نے ایم کیوایم قیادت کو وزیراعلیٰ سے رابطے کا کہہ دیا۔ایم کیوایم پیپلزپارٹی رہنماؤں کے درمیان ملاقات چند روز میں متوقع ہے، ایم کیو ایم نے 30 نومبر کو جنرل ورکر اجلاس بھی طلب کرلیا۔خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی حلقہ بندی تبدیل کرنے کے وعدے پر عمل کرایا جائے، جس پر ناصرشاہ نے پیر کے روز بلدیاتی حلقہ بندیوں سے متعلق اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی۔ایم کیوایم نے بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم کا آغاز حلقہ بندیوں سے مشروط کر دیا، ایم کیو ایم کی کراچی حیدرآباد میں ڈسڑکٹ کونسلز بحال کرنے کی تجویز ہے۔ایم کیوایم نے کراچی کے 25 ٹاؤنز میں 73 یونین کمیٹیز بڑھانے کیلئے سفارشات پیپلز پارٹی کو دی ہیں۔
ایم کیوایم مطالبہ


پاکستان کو چینی نجی شعبے کی زرعی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہیے 
       اسلام آباد (آئی این پی) لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا ہے کہ چین چاول کی بہترین کوالٹی کی نئی اقسام تیار کرنے کیلئے جدید تعاون پر مبنی تحقیق کیلئے  پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرتا رہے گا۔ یلتھ پاکی کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہارگارڈ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد علی ملک سے گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز ہیڈ آفس کے دورہ کے موقع پر کہی۔ژاؤ نے پاکستان میں فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے زرعی شعبے کے تعاون کو نمایاں طور پر فروغ دینے اور جدید ترین سائنسی خطوط پر تحقیق کے لیے مزید مشترکہ منصوبے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چینی نجی شعبے کی زرعی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور مزید کہا کہ زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں چین کو خوشی ہے کہ گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز نے اپنے چینی پارٹنر لانگپنگ ہائی ٹیک انڈسٹری کی مدد سے اب تک کا پہلا ہائبرڈ چاول کا بیج تیار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد علی ملک جو پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین بھی ہیں نے کہا کہ گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز پاکستان میں سب سے پہلے ہائبرڈ موٹے چاول کا بیج متعارف کرایا۔ اس نے ایک نیا گرمی برداشت کرنے والا اضافی لانگ گرین سپر ہائبرڈ چاول کا بیج تیار کیا جس کی فی ایکڑ پیداوار اور کھانا پکانے کے بعد لمبا موجودہ مسابقتی اقسام کے مقابلے میں دوگنا ہے۔گارڈ گروپ کے سینئر ایگزیکٹو مومن علی ملک نے کہا کہ گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ کا مقصد ایسے بیجوں کو تجارتی بنانا ہے جو کسانوں کے لیے زیادہ دولت اور ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے غذائی تحفظ کی ضمانت دے سکیں اگر اچھی دیکھ بھال کی جائے تو نئی قسم چار میٹرک ٹن فی ایکڑ سے زیادہ پیدا وار دے   سکتی ہے۔ مومن نے مزید کہا کہ چونکہ مختلف مقامات پر کٹائی جاری ہے، حتمی اعداد و شمار کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
چینی قونصل جنرل 


سعودی عرب میں المناک ٹریفک حادثہ، 9افراد جاں بحق
ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں گذشتہ روز ٹریفک کے المناک حادثے میں 9 افراد افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو زخمی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔اطلاعات کے مطابق حادثہ الرین، وادی الدواسر شاہراہ پر پیش آیا۔ مسافروں کو لے جانے والی دو گاڑیاں آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریاض ریجن کے شہری دفاع اور ہلال الاحمر کے اہلکار جائے حادثہ پرپہنچ گئے۔سعودی ہلال الاحمر کا کہنا ہے کہ حادثہ جمعے کی صبح پیش آیا۔ ہلال احمر کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو جمعے کی صبح اس کی اطلاع ملی تھی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑیوں میں سوار 9 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو زخمی ہیں۔زخمیوں کو وادی الدواسر اورنیہ جنرل ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مرنے والوں کی نعشوں کو ہسپتال کے سرد خانے میں رکھوا دیا گیا۔ ہلاک و زخمی ہونے والوں کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔
سعودی حادثہ


زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب
 اسلام آباد (این این آئی)وزارت خزانہ نے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں۔ وزارت خزانہ نے زرعی ترقیاتی بینک کے نئے صدر کے عہدے کے خواہشمند امیدواروں کے لئے شرائط بھی عائد کی ہے۔شرائط کے مطابق صدر بننے کے خوہشمند کی عمر 40 سے 62 سال کے درمیان ہو، اس کی تعلیمی قابلیت کم از کم گریجویٹ ہو اور اس عہدے کیلئے بینکنگ کے شعبے میں کام کا تجربہ لازمی ہو،اس کے علاوہ امیدوار کے لئے اسٹیٹ بینک کیطے کردہ معیار پر اترنا لازمی ہے۔وزارت خزانہ نے کہا کہ امیدوار اگلے 15 روز میں درخواستیں دے سکتے ہیں۔
درخواستیں طلب


پاکستان ریلوے کی آمدن کم، اخراجات 50فیصد ے زائد ہونے کاانکشاف
       اسلام آباد (آن لائن)پاکستان ریلوے کی آمدن کے مقابلے میں اس کے اخراجات 50 فیصد سے زائد نکلنے کا انکشاف ہوا ہے، دستاویزات کے مطابق اپریل اور اکتوبر کے دوران ریلوے خسارہ 35 ارب 31 کروڑ روپے رہا ہے،ریلوے کی آمدن 33 ارب اور اخراجات 69 ارب روپے سے زائد رہے،دستاویزکے مطابق ریلوے کے ایک لاکھ 25 ہزار پنشنرز کو سالانہ 75 ارب روپے سے زیادہ دیئے جارہے ہیں،ریل کی وقت کی پابندی 63 فیصد سے بڑھ کر 80 فیصد بہتری آئی ہے،بین الاقوامی معیار کی 230 تیز رفتار کوچز جلد ریلوے فلیٹ میں شامل ہوں گی،ریلوے نے 9 برسوں کے بعد اسلام آباد، تہران استنبول کارگو ٹرین شروع کی ہے۔
ریلوے آمدن


چین میں تیار کی گئی جدید بوگیوں کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی
لاہور(این این آئی)چین میں تیار کی گئی جدید بوگیوں کی کھیپ کراچی پورٹ پہنچ گئی۔ پاکستان ریلوے نے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے چین سے نئی کوچز منگوا لی ہیں، پاکستان چین سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز رفتار ریلوے ٹرین کے لیے ٹیکنالوجی بھی برآمد کرے گا۔پاکستان ریلوے کی جدید سہولتوں سے آراستہ 46 بوگیاں کراچی پورٹ پہنچی ہیں، چین سے 46 نئی جدید کوچز آنے سے ٹرین آپریشن مزید بہتر ہوگا، چین سے آنے والی کوچز میں اکنامی،پارلر کار اور اے سی اسٹینڈرڈ کوچز شامل ہیں۔اکنامی اور اے سی اسٹینڈرڈ کوچز میں آرام دہ برتھیں، نائٹ لیمپس اور موبائل چارجر بھی لگائے گئے ہیں، پارلر کار کوچز میں بھی آرام دہ نشستیں، ایل ای ڈی، موبائل چارجر اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔محکمہ ریلوے نے نئی کوچز کی رنگوں کی اسکیم بھی تبدیل کر دی ہے، چین سے آنے والی نئی کوچز کا رنگ سبز اور پیلی لائن درمیان میں ہوگی۔چین مزید 184 بوگیوں کے پرزے اسمبلنگ کے لیے پاکستان کو فراہم کرے گا۔
چین بوگیاں 


چوہنگ، کمسن بچہ اغواء کے بعد قتل، نعش، قبرستان سے برآمد وزیراعلٰی کا نوٹس رپورٹ طلب

       لاہور(کرائم رپورٹر)چوہنگ کے علاقہ گروال گاؤں میں کمسن بچے کو اغواء کے بعد قتل کردیا گیا بچے کی نعش قبرستان سے برآمد ہوئی پولیس اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش کو مردہ خانے منتقل کر دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی بتایا گیا ہے تھانہ چوہنگ کی حدود میں واقع علاقے گروال گاؤں کا رہائشی اڑھائی سالہ ذیشان علی گزشتہ روز لا پتہ ہوا بچے کو  مبینہ طور پر اغواء  کے بعد قتل کیا گیا۔اڑھائی سالہ ذیشان علی گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اچانک لا پتہ ہوا۔اتوار کی صبح بچے کی لاش گروال گاؤں قبرستان سے برآمد ہوگئی پولیس کے مطابق واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے تھانہ چوہنگ کے علاقے میں اغوا ء کے بعد کمسن بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی وزیر

اعلیٰ پرویزالٰہی نے ہدایت کی کہ معصوم بچے کے قتل کے واقعہ میں ملوث سفاک ملزم کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
بچہ قتل 

پاکستان کا ڈیفالٹ رسک خطرناک سطح پر، مفتاح اسمٰعیل، صرف 10فیصدامکان: اسحق ڈار
        کراچی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)  مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا ڈیفالٹ رسک خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔ٹوئٹر پیغام میں مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ ڈالر کی بہترین شرح کیا ہے، صرف مارکیٹ اس کا تعین کر سکتی ہے۔ گزشتہ سال درآمدات 80 بلین ڈالر اور برآمدات 31 بلین ڈالر تھیں اور وزیر خزانہ اسحق ڈار کو مشورہ دیا ان کی نمبر ون ترجیح یہ نہیں ہونی چاہیے کہ درآمدات کو آسان اور برآمدات کو مشکل بنایا جائے، یہ ایک بہترین کرنسی کی پہچان ہے۔پاکستان کے معروف اخبار میں سابق وزیر خزانہ نے آرٹیکل لکھتے ہوئے کہا تھا کہ دسمبر کے بانڈز کی ادائیگی کے بعد بھی ڈیفالٹ کا خطرہ ختم نہیں ہوگا اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے معاہدے پر عمل نہ کرنے سے ڈیفالٹ کا رسک بڑھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں جبکہ مارکیٹوں اور قرض دہندگان کو یقین دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔ قومی مفاد کو سیاسی مفاد پر ترجیح دینی چاہیے۔ حکومت نے درست قدم نہ اٹھائے تو انہیں پی ٹی آئی پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں۔ آج اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ میں بڑا فرق ہے اور سٹیٹ بینک غیر رسمی طور پر ایکسچینج ریٹ پر بینکوں کی رہنمائی کر رہا ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بین الاقومی اقتصادی جریدے بلوم برگ کے مطابق پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے صرف 10 فیصد امکانات ہیں۔ٹوئٹر پیغام میں ڈار کا کہنا تھا کہ اگلے ایک سال میں دیوالیہ کیامکانات کو کم ترین سطح پر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام مالیاتی وعدوں کی پاسداری جاری رکھے گا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی رہنما نے ملک کے دیوالیہ ہونے کے امکانات کو93 فیصد پیش کیا جو کہ درست نہیں ہے۔
اسحق ڈار


  
آصف زر داری سے اسحق ڈارکی ملاقات مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال 
 اسلام آباد (این این آئی)سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتوار کو سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈار ملاقات

تھر کول استعمال، ایف پی سی ایل، ایس ای سی ایم سی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط 
 اسلام آباد (این این آئی)ایف ایف بی ایل پاور کمپنی لمیٹڈ (ایف پی سی ایل) نے کراچی میں کمپنی کے پاور پلانٹ میں تھر کے کوئلے کے استعمال کے لیے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (SECMC) کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ کراچی میں ایف پی سی ایل فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ (FFBL) فرٹیلائزر کمپلیکس کے ساتھ 118 میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ چلا تی ہے۔گوادر پرو کے مطابق یہ ایم او یو توانائی کی بہتر قیمتیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے مقامی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ کمپنی کی اقتصادی ترقی اور درآمدی توانائی پر انحصار کم کرکے قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ایف پی سی ایل پاور پلانٹ کے الیکٹرک کو 60 میگاواٹ تک بجلی فراہم کرتا ہے، کمپنی کراچی کو بجلی فراہم کرنے کی انچارج ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق باقی بجلی ایف ایف بی ایل فرٹیلائزر کمپلیکس کو فراہم کی جاتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ایس ای سی ایم سی صحرائے تھر میں پاکستان کی پہلی اوپن پٹ لگنائٹ کوئلے کی کان سے کوئلہ نکال رہی ہے، جس کی سالانہ گنجائش 7.6 ملین ٹن ہے۔ یہ کمپنی سندھ حکومت، اینگرو گروپ اور اس کے شراکت داروں اور چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے تحت چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایم ای سی) کے درمیان تعاون ہے۔ ایس ای سی ایم سی فی الحال 1,320 میگاواٹ کی مشترکہ صلاحیت کے ساتھ چار مائن ماؤتھ پاور پلانٹس کو کوئلہ فراہم کر تی ہے۔
تھرکول 


تباہ حال معیشت اور سنگین سیاسی بحران قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں: شیخ رشید
       لاہور(این این آئی) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے خوف وہراس پیدا کیالیکن عوام کا سمندر انتخابات کے لئے ریفرنڈم تھا،اعظم سواتی کی گرفتاری انتخابات سے خوفزدہ حکومت کی سازش ہے،77وزراء عوام میں نہیں جاسکتے اورگھروں میں قیدوبندہیں۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ تباہ حال معیشت اورسنگین سیاسی بحران قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں،ہماری لڑائی چوروں سے ہے چوکیداروں سے نہیں،اگر عمران خان صوبائی اسمبلیوں سے نکل آئے تو567نشستیں خالی ہوں گی اور اپریل میں عام انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی کابینہ میں کہتا تھا کہ اسمبلیاں توڑدیں اور انتخابات میں جائیں، ہم تصادم کی بجاے انتخابات کی شرط پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں،پنجاب کی بے بس پولیس فیض آباد میں اسٹیج نہیں لگواسکی۔
شیخ رشید


پی ٹی آئی جلسہ، ڈاکٹریاسمین راشد پولیس وین میں پہنچیں 
 راولپنڈی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے راولپنڈی میں ہونے والے جلسے میں سرکاری وسائل کا استعمال بھی کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد جلسے میں پولیس وین میں پہنچیں۔یاسمین راشد نے اس حوالے سے کہا کہ وہ اپنی گاڑی میں یہاں پہنچیں،گھٹنوں میں خرابی کے باعث پولیس وین سے لفٹ لی۔شیریں مزاری کو بھی پنڈال تک پہنچانے کیلئے پولیس کی گاڑی پیش کی گئی اور  پنڈال تک پہنچایا گیا۔  جلسے میں پنجاب کے سینیٹری ورکرز بھی بھرپور طور پر شریک ہوئے۔
یاسمین راشد


ملکی مسائل کے حل کیلئے عمران خان مذاکرات کی میز پر بیٹھیں، طاہر اشرفی
لاہور(این این آئی)وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی وچیئرمین پاکستان علما ء کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ میں عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ وہ مذاکرات کی مذاکرات پر آئیں تاکہ مل بیٹھ کر ملکی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے،دھرنوں اور لانگ مارچ سے حکومتیں نہیں گرائی جاسکتیں،76 سالہ سینیٹ کا رکن اگر اداروں کے افسران کے خلاف اخلاق سے گری ہوئی زبان استعمال کرے گا تو ہم نوجوانوں سے پھر کیا توقع رکھیں گے،ملک کو مشکل حالات سے نکالنے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہم کردارادا کیا،سیاسی جماعتیں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کردار ادا کریں، پاکستان علما ء کونسل سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کے خاتمہ کی خواہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے پیغام پاکستان کی دستاویزات کی تکمیل میں بہت تعاون کیا ہے اور پاکستان کو فیٹف سے نکالنے میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ خارجہ پالیسی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا۔کچھ کم ظرف لوگ ماضی میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کیلئے گیٹ نمبر 4 پر انتظار کیا کرتے تھے مگر اب وہ بھی بلاجواز تنقید کر رہے ہیں۔ ماضی میں بھی یہ چند سو افرادا سازشیں کرتے رہے ہیں کہ پاکستانی فوج میں تقسیم ہو چکی ہے۔لیکن وقت نے ثابت کر دیا ہماری فوج متحد ہے جس پر قوم کو فخر ہے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اعظم سواتی سے میرا ذاتی تعلق ہے مگر انہوں نے ٹویٹر پر پاکستانی اداروں کے افسران کے نام لیکر جو تنقید کی وہ قابل مذمت ہے۔
طاہر اشرفی

وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد تک جدوجہد جاری رکھیں گے: سراج الحق

لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کی ہو یا پی ڈی ایم کی قادیانیوں کی سازشوں کوروکنے میں ناکام رہی،سابقہ اور موجودہ حکومت کے وعدوں اعلانات اور نعروں کے باوجود تاحال قادیانیوں کی طرف سے ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں،عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا اہم ترین حصہ ہے،ان عقائد کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل اور قانون کی ہرشق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا،ہر طرح کے غیر ملکی دباؤ اور اندرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،حکومت نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا، آئین اور قانون موجود ہے لیکن حکومت کی چشم پوشی کی وجہ سے آج بھی قادیانی اہم حکومتی عہدوں پر موجود ہیں جس کی وجہ سے آئے روز نئی سازشیں نئے انداز میں ظاہر ہوتی ہیں،حکومت ان کی سازشو ں پرفوری طور پر فیصلہ کن اقدامات اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں مجلس تحفظ ختم نبوت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ کے پی پروفیسر محمد ابراہیم،مولانا عبدالقدوس،مولانا قدرت اللہ اورصوبہ بھر سے آئے ہوئے علماء کرام اور ذمہ داران موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ قادیانیوں نے کبھی بھی ختم نبوت کی شق کو نہیں مانا۔آج بھی بیرونی دنیا سے اس شق کے خاتمہ کے لیے دباو ہے۔ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔آج بھی طاغوت ختم نبوت کے قانون کے خاتمہ کے لیے کوشاں ہے مگر ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے غلامان مصطفی کو اکٹھا کررہے ہیں۔وطن عزیز کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے۔جماعت اسلامی نے سود کے خاتمہ کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر مکمل عملدرآمدتک جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی جھوٹ اور پراپیگنڈا پر مبنی سیاست نے معاشرے میں شدید سیاسی پولرائیزیشن پیدا کردی ہے جس سے عدم براشت اورگالم گلوچ کا کلچر فروغ پارہا ہے جو ہمارے ملک اور معاشرے کے لیے بہت خطرناک ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں اوران کے قائدین اخلاقی اقدار کا خیال کرتے ہوئے اپنے رویوں کا جائزہ لیں اور اس صورت حال کو ختم کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔
سراج الحق

موٹر وے کرپشن کیس، ڈی سی 
نوشہرو فیروز اور 3 بینک افسران کیخلاف مقدمہ درج
 نوشہرو فیروز (این این آئی)نوشہرو فیروز موٹر وے میں ڈھائی ارب روپے کی مبینہ کرپشن کیس میں معطل ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز تاشفین عالم سمیت 3 بینک افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ڈھائی ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں بینک کے تین افسران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔مقدمے میں جعلسازی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی اے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے زمینوں کی خریداری کیلئے ڈھائی ارب روپے جاری کیے تھے۔
مقدمہ درج


چین کی ترقی کا معجز ہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے جڑا ہے: نوید قمر

کنمنگ (آئی این پی)  وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ چین کی ترقی کا معجزہ خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے جڑا ہے، ہم  خصوصی اقتصادی زونزکی اہمیت سے واقف ہیں،پاکستان مختلف اشیا کے مقامی درآمد کنندگان کو سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے گوادر پرو کے مطابق وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ امور (ایشیا پیسیفک) ممتاز زہرہ بلوچ نے چھٹی چین-جنوبی ایشیا نمائش اور 26ویں چائنا کنمنگ امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ میلے میں شرکت کی اور خطاب کیا افتتاحی تقریب میں وزیر نوید قمر نے ایکسپو میں شرکت کرنے والی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری  تعلقات کو بڑھانے کیلئے نئے طریقے تلاش کریں ہم خصوصی اقتصادی زونزکی اہمیت سے واقف ہیں اور کاروباری اداروں کو جدید ترین ون ونڈو سہولت فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔   گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ چین کی مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ، آٹوموبائل انڈسٹری اور پاکستان اور چینی اداروں کے درمیان جوائنٹ وینچرز میں یہ ادارے کاروباری برادری کو سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کر رہے ہیں گوادر پرو کے مطابق    انہوں نے کہا کہ مجھے یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ پاکستان اور چین کے درمیان جغرافیائی محل وقوع اور تاریخی طور پر قریبی تعلقات کی بڑی صلاحیت ہے اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت دونوں ممالک ثمر آور نتائج حاصل کر سکتے ہیں گوادر پرو کے مطابق بعد ازاں تیسرے چین جنوبی ایشیا تعاون فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ایڈیشنل سیکرٹری برائے خارجہ امور (ایشیا پیسفک) ممتاز زہرہ بلوچ نے دو سال بعد چین-جنوبی ایشیا تعاون فورم کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا ہم نے  سی پیک  کے تحت نئی بنیاد ڈالی گوادر پرو کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان  باہمی مفادات کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گاگوادر پرو کے مطابق   انہوں نے کہا ہم زرعی  صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون کو مزید گہرا کرنا اور دوطرفہ تجارت کو بڑھانا چاہیں گے۔ اس طرح، ہم اس قابل تعاقب میں اپنے علاقے کی حرکیات کو کھول سکتے ہیں۔
نوید قمر


عمران خاں کو لگنے والی گولیاں 
پینال ڈول کی تھیں،ریحام خان 
کا طنزیہ ٹوئٹ
اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیر وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ،چار گولیاں جو عمران اسماعیل کے کپڑوں سے نکلی ہیں کیا وہ پینا ڈول کی تھیں،تاکہ درد سے آفاقہ مل جائے،ریحام خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں کہا کہ چار گولیاں سابق گورنر عمران اسماعیل کے کپڑوں سے نکلی ہیں اور پوچھنا یہ تھا کہ کیا وہ گولیا ں پینا ڈول کی تھیں کہ کچھ کہا بھی نہیں۔ 
ریحام خان


صوبہ پنجاب میں ہر چوتھی خاتون گھریلو تشدد کا شکار
لاہور(کرائم رپورٹر) ویمن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ہر چوتھی خاتون گھریلو تشدد کا نشانہ بنتی ہے۔خواتین پر تشدد کے حوالے سے ویمن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق کھانے میں نمک زیادہ ہوجانے پر بھی خواتین سے مارپیٹ کے واقعات نمایاں ہیں۔رپورٹ کے مطابق کھانا وقت پر نہ دینے کی پاداش میں بھی خواتین پر تشدد کیا جاتا ہے، کسی دوسری خاتون کیساتھ دوستی کا سوال بھی تشدد کا باعث بنتا ہے۔ویمن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں گھریلو خواتین پر بے وفائی کا الزام بھی تشدد کی بڑی وجہ بتایا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق شوہر کی نافرمانی پر خواتین کو سب سے زیادہ تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ویمن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں گھریلو تشدد کے واقعات نمایاں رہے۔گزشتہ سال پنجاب بھر سے فوری مدد کے لیے خواتین کی 5 ہزار کالز موصول ہوئیں۔خواتین پر تشدد کے خلاف 15 روزہ آگاہی مہم 10 دسمبر تک جاری رہے گی۔
چوتھی خاتون


پنجاب کے 9، بلوچستان 6اضلاع میں 7روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم آج سے شروع
      لاہور،کوئٹہ (این این آئی) پنجاب کے 9،بلوچستان کے 6 اضلاع میں 7 روزہ خصوصی انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پانچ سال تک کی عمر کے 63لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں مہم سات روز جاری رہے گی جبکہ دیگر چھ اضلاع میں انسداد پولیو مہم پانچ روز جاری رہے گی۔ان 6 اضلاع میں سیالکوٹ، ڈی جی خان، ملتان، میانوالی، بہاولپور اور راجن پور شامل ہیں۔دوسر ی جانب بلوچستان کے 6 اضلاع کی 203 یونین کونسلوں میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران 9 لاکھ 78 ہزار بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ای او سی کے مطابق  انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، مستونگ اور ژوب میں شروع ہو گی۔ای او سی کے مطابق انسدادِ پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر لیویز، پولیس اور ایف سی کے جوان تعینات ہوں گے۔اس حوالے سے ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کہا کہ بلوچستان میں جنوری2021ء سے اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ای او سی کے مطابق ملک کے دیگر صوبوں کے اضلاع اور افغانستان میں پولیو وائرس کی موجودگی صوبے کے بچوں کے لیے خطرہ ہے۔
 انسدادِ پولیو مہم

موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب سے 33ملین افراد متاثر ہوئے:شازیہ مری 
      کراچی، میڈرڈ(این این آئی، آن لائن) وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث رواں سال پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں، ساڑھے 6 لاکھ حاملہ خواتین اور 40 لاکھ بچے شدید متاثر ہوئے،ہم فلسطین، جموں و کشمیر اور پوری دنیا کی خواتین اور بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر تے ہیں  وہ سپین کے شہر میڈرڈ میں 26 ویں سوشلسٹ انٹرنیشنل کانگریس کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں انہوں نے جنگوں اور تنازعات سے متاثرہ خواتین اوربچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات پر بھی بات کی ان کا کہنا تھا کہ بدترین بارشوں اور سیلاب سے ساڑھے 6لاکھ حاملہ خواتین اور 40 لاکھ بچے شدید متاثر ہوئے،ہم فلسطین، جموں و کشمیر اور پوری دنیا کی خواتین اور بچوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر تے ہیں،جہاں انہیں جنگوں اور تنازعات کے نتیجے میں تشدد اور ہراساں کیا جا رہا ہے، پاکستان میں حالیہ بارشیں اور سیلاب موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں کا تازہ مثال ہے موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت بن چکی ہے اور عالمی برادری اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے،امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری کی کلائمیٹ چینج پر سنجیدگی سے کچھ حقیقی اقدامات اٹھائے جائے گی۔
شازیہ مری 


 آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات
 پولنگ اسٹیشن پر تصادم، 3 زخمی
مظفرآباد (این این آئی)مظفر آباد کی یونین کونسل انوار شریف کے پولنگ اسٹیشن پر 2 گروپوں میں تصادم میں کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔واقعہ میں ایک پولیس اہل کار اور 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔موسم سرد ہونے کی وجہ سے پولنگ کے عملے نے پولنگ اسٹیشنز کے اندر آگ بھی جلا رکھی ہے۔
زخمی


 عمران خا ن کے اعلان کے بعد ایم پی اے راجہ یاور کمال کامستعفی ہونے کا اعلان
لاہور(این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد جہلم کے حلقہ پی پی 25سے رکن اسمبلی راجہ یاور کمال خان نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال خان نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کی کال پر لبیک کہتا ہوں، پی پی25سے اپنا استعفیٰ عمران خان کو پیش کردیا ہے۔ہم کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے آج بھی ان ہی کے ساتھ ہیں، عمران خان نے راولپنڈی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کیا۔
راجہ یاور کمال

مزید :

صفحہ آخر -