صوبے کے آئینی و قانونی حقوق اور ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے: حاجی غلا م علی 

صوبے کے آئینی و قانونی حقوق اور ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کو آئینی منصب سنبھالنے پر چوتھے روز اتوار کے دن بھی مبارکباد دینے والوں کی ایک بڑی تعداد نے گورنر ہاؤس پشاورکا دورہ کیا۔مبارکباد کیلئے آنیوالے مہمانوں میں صوبے کی مختلف سیاسی،مذہبی،سماجی، تاجر برادری اور عوامی وفود کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ سارک چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری، ڈیرہ اسماعیل خان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری اورآل ٹرائبل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے گورنر حاجی غلام علی سے گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور انہیں نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدرمحمدذکریااے ضیاء نے بھی گورنرحاجی غلام علی سے ملاقات کی اور نئی ذمہ داریوں پر مبارکباددی اور گورنرکی حیثیت سے ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔دریں اثناء حاجی غلام علی نے پشاورمیں مختلف تقریبات میں بھی شرکت کی۔ گورنرحاجی غلام علی نے حاجی طہماش خان کے فرزند محمدعدیل،حاجی فضل قدیم کے فرزند چیئرمین شاہدخان خیل اورانجمن تاجران خیبرپختونخوا ملک میرعلی کے فرزندکی شادیوں میں شرکت کی اور انہیں مبارکباد دی۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے چار دن تک مسلسل گورنر ہاؤس میں انہیں مبارکباد دینے کیلئے آنیوالے تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کادلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ وہ صوبے، بالخصوص پشاور کے عوام، تاجربرادری کے خلوص ومحبت کا اور پاکستان ڈیموکریٹک میں شامل تمام جماعتوں کے اعتماد وحمایت کے شکر گزار ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ ان کے اعتبار پرپورا اترسکوں۔ گورنر حاجی غلا م علی کاکہناتھاکہ وہ صوبہ کے عوام اور صوبہ کے حقوق کیلئے صوبائی حکومت سے بھی زیادہ کوشش کریں گے اور انشاء اللہ بطور گورنر اپنے آئینی فرائض کے مطابق صوبہ کے آئینی وقانونی حقوق اور صوبہ کی ترقی وخوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔