چیف ٹریفک آفیسر نے آئی ٹی ٹیم کو توصیفی اسناد سے نوازا 

چیف ٹریفک آفیسر نے آئی ٹی ٹیم کو توصیفی اسناد سے نوازا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق اصلاحات کے ذریعے انقلابی تبدیلیاں لانے اور بہتر کارکردگی پر آئی ٹی ٹیم کو توصیفی اسناد سے نوازا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ آئی ٹی ٹیم سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور جدید  ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی نظام میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی صاف و شفاف  تعیناتی کمپیوٹرائزڈ ڈیوٹی روسٹر بنایا گیا ہے جس میں بغیر کسی انسانی عمل دخل کے اہلکاروں کی مختلف پوائنٹس پر تعیناتی کی جاتی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے جو شہر میں ٹریفک جام کی نشاندھی کرتا ہے جس پر فوری ایکشن لے کر ٹریفک سے متعلق مسائل حل کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک مسائل کے خاتمے کیلئے ٹریفک اہلکاروں کو باڈی کیمروں کی فراہمی کی گئی ہے جس کے ذریعے ٹریفک اہلکاروں کی ڈیوٹی اور سڑکوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو شہر کے ٹریفک نظام سے متعلق وقتاً فوقتاً آگاہی دینے کیلئے سوشل میڈیا کے سائٹس اور ریڈیو ایف ایم 88.6 کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جس کو ہر پندرہ منٹ بعد اپڈیٹ کیا جاتا ہے 
اسی طرح 1915 ہیلپ لائن 24 گھنٹوں کیلئے فعال کردیا گیا ہے جس پر روزانہ کی بنیاد پر سات سو سے لیکر 8 سو تک کالز موصول ہوتے ہیں جو باقاعدہ ریکارڈ ہوتے ہیں جس کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے اور ایکشن لیا جاتا ہے اسی طرح اس پر ایکشن سے متعلق بھی خصوصی نظر رکھی جاتی ہے جس کے ادارے کی خود احتسابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گاڑیوں میں ٹریکرز‘ ای چالان‘ گوگل میپ‘ ریڈیو اور سوشل میڈیا کو فعال بنانے سے شہریوں کو ٹریفک سے متعلق درپیش مسائل میں واضح کمی آگئی ہے جبکہ شفافیت بھی یقینی ہو گیا ہے جس پر آئی ٹی ٹیم خصوصی داد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں مزید انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں تاکہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کو پورے صوبے کیلئے ماڈل کے طور پر پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے دیگر شعبے بھی آئی ٹی کی تقلید کرتے ہوئے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائے تاکہ اس کے ثمرات عوام کو مل سکے۔ انہوں نے آئی ٹی ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں مزید اصلاحات لائیں اور شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے موجود وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔