اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے اسلام آباد کے احتجاج میں 278 کارکنوں کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگوکرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ منگل کو احتجاج میں ہمارے 278 کارکن جاں بحق ہونے۔
جس پر شو کے میزبان نے لطیف کھوسہ سے کہا کہ وہ ان میں سے 8 ہی کے نام بتا دیں تو لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ بات ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے بتائی ہے۔ لطیف کھوسہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے 1900کارکن گولیوں سے زخمی بھی ہوئے۔
میزبان نے شواہد کا پوچھا تو لطیف کھوسہ نے کہا کہ ثبوت ان کے پاس موجود نہیں ہیں لیکن ہم یہ ثبوت آپ کو بعد میں دے دیں گے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ منگل کو پارٹی کے احتجاج میں 20 افراد جاں بحق ہوئے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سلمان اکرم راجہ نے الزام لگایا کہ ہسپتالوں میں زیرعلاج پی ٹی آئی کارکنوں تک رسائی نہیں دی جارہی۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحریک انصاف کو چیلنج دیا کہ اگر منگل کو اسلام آباد میں آپریشن کے دوران پی ٹی آئی کا کوئی ایک کارکن بھی مرا ہے تو بتایا جائے۔