عراق: بغداد اور موصل میں کار بم دھماکے، 50 افراد ہلاک
بغداد(آن لائن) عراق کے دارالحکومت بغداد اور جنوبی شہر موصل میں متعدد کار بم دھماکوں میں کم سے کم 50 افراد ہلاک اور100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس و ہسپتال حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کو شہر کے شیعہ اکثریتی علاقوں کی مصروف گلیوں میں کھڑی گاڑیوں میں نصب بم تیس منٹ کے عرصے کے دوران پھٹے۔اس کے علاوہ کچھ دھماکوں میں بازاروں اور بس کے اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔بغداد میں ہونے والے دھماکوں میں 38 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ادھر موصل میں ہونے والے کار بم حملے میں فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا جو تنخواہ لینے کے لیے بینک کے باہر جمع تھے۔حکام کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والے 12 افراد میں فوجی اور عام شہری دونوں شامل ہیں اور دھماکے میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ادھر اقوامِ متحدہ کے مطابق پرتشدد واقعات میں صرف ستمبر میں تقریباً ایک ہزار افراد ہلاک اور دو ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔عراق میں حالیہ چند ماہ میں پر تشدد واقعات میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 2008 میں مذہبی فرقہ واریت کی بنیاد پر شروع ہونے والا تشدد اپنے عروج پر ہے۔اقوامِ متحدہ کے مطابق پرتشدد واقعات میں صرف ستمبر کے مہینے میں میں تقریباً ایک ہزار افراد ہلاک اور دو ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے جبکہ غیر سرکاری اعداد وشمار کے مطابق اکتوبر میں چھ سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔