شام:صدر بشارالاسد کی ملیشیا اور باغیوں میںگھمسان کی لڑائی

شام:صدر بشارالاسد کی ملیشیا اور باغیوں میںگھمسان کی لڑائی

 دمشق (آن لائن)شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے الغوطہ میں صدر بشارالاسد کی حامی ملیشیا اور باغیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو ئی ہے۔ الغوطہ میں باغیوں نے حملہ کرکے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے پندرہ جنگجو قتل کرد یئے ہیں، جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں جنہیں لبنان منتقل کیا گیا ہے۔شام میں انقلابیوں کی رابطہ کمیٹیوں کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق گذشتہ دو برس کے دوران حزب اللہ کے شامی جنگ میں کودنے کے بعد لبنان کے سیکڑوں افراد باغیوں کے ہاتھوں ہلاک ہوچکے ہیں، ان میں بڑی تعداد شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے جنگجوو¿ں کی ہے جو شام میں صدر بشارالاسد کی حمایت میں برسرجنگ ہیں۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان میں اپنے ہم خیال نوجوانوں کو مسلک کی آڑ میں شامی جنگ میں جھونک رہی ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے کم عمر نوجوانوں کو یہ کہہ کربھرتی کیا جاتا ہے تنظیم شام میں مزارات اور مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے کوشاں ہے۔ مقدس مقامات اور مزارات کی حفاظت کا جھانسہ دے کرشام لائے جانے والے سیکڑوں کم عمر لڑکے باغیوں کے ہاتھوں جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔مشرقی الغوطہ میں تازہ کارروائی میں مرنے والوں میں کئی کم عمر لڑکے بتائے جاتے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ وہی شہرہے جس میں ستمبرکے اوائل میں مبینہ کیمیائی حملے کے نتیجے میں سیکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔

مزید : عالمی منظر