”بھول“کی شوٹنگ کا دوسرا سپل جلد شروع ہوگا،اے حفیظ

”بھول“کی شوٹنگ کا دوسرا سپل جلد شروع ہوگا،اے حفیظ

لاہور(فلم رپورٹر)اے حفیظ کی ڈائریکشن میں بنائی جانے والی اردو فلم ”بھول“کی شوٹنگ کا دوسرا سپل جلد شروع ہوگا اس فلم میں سینئر فنکاروں کے ساتھ ساتھ نیوٹیلنٹ کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔”بھول“میں کامران مجاہد ایک اہم رول ادا کررہے ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ کردار مدتوں فراموش نہیں کرپائیں گے۔ فلم کے دیگر نمایاں فنکاروں میں فردوس جمال،راحیلہ آغا ،عباس باجوہ،علی عمازاور بشیر جان شامل ہیں۔”پاکستان“سے گفتگو کرتے ہوئے اے حفیظ نے کہا کہ میری فلم کی خاص بات اس کی منفرد کہانی ہے اس کہانی میں مقصدیت اور پیغام دونوں ہونگے۔میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنے پراجیکٹس میں نیو ٹیلنٹ کو موقع دوں ”بھول“میں بھی اپنی یہ روائت قائم رکھی ہے فلم کے کرداروں کے مطابق فنکاروں کا انتخاب کیا گیا ہے کوئی بھی فنکار بھرتی کا نظر نہیں آئے گا۔اے حفیط نے کہا کہ میں نے معیار کے مقابلہ میں کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں کروں گا۔جس طرح تسلسل کے ساتھ پاکستانی فلمیں کامیابی کے ساتھ ہمکنار ہورہی ہیں اس سے لالی ووڈ کی بحالی کی اُمید روشن ہوگئی ہے۔ میری فلم کی شوٹنگ کا دوسرا سپل جلد شروع ہوگا۔

مزید : صفحہ اول