بھارت مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کر رہا ہے:شیریں مزاری
اسلام آباد(اے پی اے )پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر قبضہ کرکے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے، پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کو حق خود ارادیت اور بھارت سے آزادی کے حصول کےلئے نسل در نسل قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھنے اور آزادی کا عزم جواں رکھنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کرے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ آج سے 66برس قبل بھارتی افواج نے بنیادی انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جمالیا جس کے خلاف پوری کشمیری عوام دنیا بھر میں بھارتی افواج کی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ مناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل 66برس سے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے خلاف کشمیری عوام اپنے بنیادی حق کے حصول کے لئے نسل در نسل قربانی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے اس جذبہ خود ارادیت کو مسلسل زندہ رکھنے اور نئی نسل میں بھی آزادی کا جذبہ زندہ رکھنے پر پوری پاکستانی قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے اقوام متحدہ و عالمی برادی سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حل کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے۔
شیر ی مزاری