ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش ہے‘ میاں ہمایوں پرویز

ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش ہے‘ میاں ہمایوں پرویز

  

راولپنڈی ( نیٹ نیوز) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدر میاں ہمایوں پرویز نے کہا کہ ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ باعث تشویش ہے ، حکومت کے ساتھ ساتھ دیگر طبقات کو بھی چاہیئے کہ اس موذی مرض کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں ، راولپنڈی چیمبر اخوت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل ڈینگی مکاﺅ مہم میں حکومت اور دوسرے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہا ہے تا کہ اس خطرناک بیماری پر جلد از جلد قابو پا یا جا سکے ، راولپنڈی چیمبر ڈینگی کے خلاف مہم کا باقا عدہ آغاز اپنی ہی بلڈنگ سے کر چکاہے اور اس مہم کو شہر کی دیگر یونین کونسلز تک پھیلایا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر میں تاجروں و صنعتکاروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر نائب صدر صبور ملک،الحاج عبد المجید کھوکھر ، اراکین مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجود تھے۔

میاں ہمایوں پرویزنے کہا کہ راولپنڈی چیمبر نے ہر مشکل وقت اور سماجی خدمت کی کسی بھی سرگرمی میں حکومت کا بھر پور ساتھ دیا ہے ،ڈینگی ایک موذی مگر قابل علاج مرض ہے ،مشہور کہاوت ہے کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے ، راولپنڈی چیمبر ڈینگی کے حوالے سے وقتاً فوقتاً آگاہی سیمینار کا انعقاد کرواتا رہا ہے تا کہ عوام اور کاروباری برادری میں ڈینگی کے حوالے سے شعور کو اجاگر کیا جا سکے کیونکہ گزشتہ سالوں میں احتیاطی تدبیر میں غفلت کی وجہ سے بہت سے قیمتی جانوں کا ضیائع ہو ا ہے۔آخر میں قائمقام صدر نے کہا ہے کہ راولپنڈی چیمبر کاروباری برادری کی فلاح وبہبود کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے میں بھی اپنی خدمات پیش کرتا رہا ہے اور آج کی اس مہم کا مقصد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے عوام اور خاص طور پر کاروباری برادری

سے اپیل کی کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھیں تاکہ اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔

مزید :

کامرس -