راولپنڈی چیمبر کا 27رکنی وفد قازقستان روانہ ہو گیا

راولپنڈی چیمبر کا 27رکنی وفد قازقستان روانہ ہو گیا

  

راولپنڈی( نیٹ نیوز)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا 27رکنی وفد صدر چیمبر سید اسد مشہدی کی زیر قیادت سنٹرل ایشین انٹرنیشنل ٹریڈفورم اینڈٹریڈ فیئر میں شرکت کے لئے قازقستان روانہ ہو گیا ہے ، سنٹرل ایشین انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر29سے 30اکتوبر قازقستان کے شہر الماتے میں منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد تمام وسطی ایشائی ریاستوں ، افغانستان اور پاکستان کے مابین تجارتی روابط کو فروغ دینا ہے ، انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر میں غیر روایتی تجارت کو بڑھانے ، تجارتی وفود کو بڑھانے اور نمائشوں کے انعقاد پر زور دیا جائے گا ،روانگی سے قبل سید اسد مشہدی نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر نے ہمیشہ تجارت کے فروغ کی کوشش کی ہے اور چیمبر کی طرف سے شروع کی گئی میڈ ان پاکستان نمائشوں کا سلسلہ کسی بھی چیمبر کی طرف سے شروع کیا گیا اپنی نوعیت کا واحد سلسلہ ہے ،انہوں نے کہا کہ نئی منڈیوں اور نئی مصنوعات کی تلاش چیمبر کا اولین مقصد ہے اور چیمبر ملک کے بہترین مفاد میں تمام ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ وسطی ایشیائی ریاستوں اور افغانستان کے ساتھ روابط کا فروغ پاکستان کی اقتصادی و معاشی ترقی کے لئے از حد ضروری ہے ۔

مزید :

کامرس -