بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                            ڈھاکہسپورٹس ڈےسک) بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ بنگلہ ٹائیگرز کی یہ رواں سال پہلی فتح ہے۔ میچ کا فیصلہ تیسرے روز ہی ہوگیا اور اس دن مجموعی طور پر 17 وکٹیں گریں۔ تیج الاسلام کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث زمبابوین ٹیم دوسری اننگز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انہوں نے 39 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ بنگلہ دیش نے 101 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ تیج الاسلام کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں تیج الاسلام کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان برینڈن ٹیلر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیلا سکا۔ برینڈن ٹیلر 45 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ سکندر رضا 25 ، ووسی سبانڈا 14، ریجس چکابا 10، ہیملٹن مساکڈزا 5، ایلٹن چگمبورا صفر اور شان اروائن 10 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ 22 سالہ سپنر تیج الاسلام نے کیریئر بیسٹ باﺅلنگ کی اور 39 رنز کے عوض 8 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، وہ اننگز میں آٹھ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بنگلہ دیشی باﺅلر بن گئے ہیں۔ پہلی اننگز میں 14 رنز کی برتری حاصل کرنے کی وجہ سے بنگلہ دیش کو جیت کےلئے 101 رنز کا ہدف ملا جو اس نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ صفر پر تین وکٹیں گر جانے کے بعد میزبان ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ تمیم اقبال، شمس الرحمان اور مومن الحق بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوگئے۔ اس موقع پر محمد اللہ اور شکیب الحسن نے محتاط انداز اپنایا اور ٹیم کا سکور 46 تک پہنچا دیا۔ محمد اللہ 28 اور شکیب الحسن 15 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ 62 کے سکور پر یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم ایک بار پھر دباﺅ کا شکار ہوگئی تاہم اس موقع پر کپتان مشفق الرحیم اور تیج الاسلام نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اپنی ٹیم کو 3 وکٹوں سے فتح دلا دی۔ مشفق الرحیم 23 اور تیج الاسلام 15 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ زمبابوے کی طرف سے ایلٹن چگمبورا نے چار اور پینگارا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔