ہیلمٹ کی افادیت اور ون ویلنگ کے خطرناک نتائج پر آگاہی مہم
لا ہور ( کرائم سیل)چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ پولیس عوام دوستی اور لوگوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں ایجوکیٹ کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔اٹلس ہنڈا کے تعاون سے ہیلمٹ کے استعمال کی افادیت اور ون ویلنگ کے خطرناک نتائج کے بارے میں جاری خصوصی آگاہی مہم میں حفیظ سنٹرمین بلیوارڈ روڈ پرآگاہی کیمپ لگایا گیا ۔اس دوران شہریوں میں ہیلمٹ اور ٹریفک آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔سی ٹی او نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے شہر میں خصوصی ٹریفک آگاہی مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔اس مہم کا مقصد عوام کو اخلاقی طور پر ٹریفک قوانین پر عمل پیرا کرنا اور پولیس عوام رشتے کو مضبوط کرتے ہوئے ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔ اس مہم کے دوران دوسری مرتبہ شہریوں میں ہیلمٹ تقسیم کئیگئے ہیں جبکہ شہرکی اہم شاہراہوں اور چوکوں میں ٹریفک وارڈنز آگاہی پمفلٹ تقسیم کر رہے ہیں۔ٹریفک ایجوکیشن یونٹ مختلف اداروں اور عوامی مقامات پر باقاعدگی سے ٹریفک آگاہی لیکچرز کا اہتمام کر رہا ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار دورانِ سفر ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں جبکہ بچوں کو ون ویلنگ سے روکنا انکی زندگی کا تحفظ اور ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں میں تعینات وارڈنز لوگوں میں آگاہی پمفلٹ تقسیم کریں اور انہیں ایجوکیٹ کریں ۔ ٹریفک افسران اپنی نگرانی میں اس آگاہی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔