دھرنے دھرنے رہ جائینگے ، پاکستان آگے نکل جائیگا :نواز شریف

دھرنے دھرنے رہ جائینگے ، پاکستان آگے نکل جائیگا :نواز شریف

  

                             اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے,دھرنے والے دھرنا دیتے رہ جائیں گے اور پاکستان آگے نکل جائیگا، موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا ۔ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کے افتتاح کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دھرنے والوں کو پاکستان کی ترقی میں دلچسپی نہیں، انہیں چاہیے کے وہ ذاتی مفادکی بجائے پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھیں ،دھرنے والے سیاسی پختگی کا ثبوت دیں اور ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے دیں ۔ پاکستان کو آگے بڑھنے دیں ، غربت ، بے روز گاری، دہشتگردی ، اندرونی و بیرونی حالات ٹھیک کرنے دیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بالغ نظری کی سیاست کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، اس روایت کا آگے بڑھنا چاہیے ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کا نقصان ہو ، روپے کی قدر میں کمی آئے بلکہ ہم پاکستان کی ترقی اور روپے کی قدر میں مزید اضافہ چاہتے ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں کرپشن کا کوئی بڑا سکینڈل تو درکنار کوئی معمولی سکینڈل بھی سامنے نہیں آیا انہوںنے سیکیورٹی کی صورتحال کے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ، ترقی کا راستہ روکنے والوں کو سوچ بچار کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ دھرنوں کی وجہ سے ملتوی ہوا ، سب کو سیاسی پختگی کامظاہرہ کرنا چاہئے دھرنوں سے بیرون ملک پاکستان کا اچھا تاثر نہیں جاتا ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ دھرنے والے توخود ہی دھرنا چھوڑ کرچلے گئے ہیں لہذا اب کسی کا ڈر نہیں رہا ہے ،دھرنا دینے والے لوگ پاکستان کے لیے اچھا کام نہیں کررہے، دھرنے صرف دھرنے رہ جائیں گے اور پاکستان ترقی کرجائے گا،دھرنے والوں کا پاکستان کی ترقی سے کھیلنا مناسب نہیںہے۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ جوملکی ترقی کا راستہ روک رہے ہیں ان کو سوچنا چاہیے کہ وہ کیا کررہے ہیں،ہمیں سیاسی پختگی کامظاہرہ کرنا چاہیے،چینی صدرنے دھرنوں کی وجہ سے اپنا دورہ ملتوی کیا ہے۔ وزیر اعظم نے دھرنے والوں پر تنقید کر تے ہوئے کہا کہ وہ انہیں دہشت گردی کا خاتمہ اور ملکی حالات کو درست کرنے دیں کیوں کہ ملک کو غربت،دہشت گردی اورتوانائی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا ہے۔

اس سے قبل دو روز بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اب کسی کا ڈر نہیں ہے ،پاکستان میں ہرشعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہیں گے اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی،حکومت نے مقامی کرنسی کو مضبوط کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے مالیاتی خسارے میں کمی کی ہے،کانفرنس سے غیرملکی سرمایہ کاری میں مدد ملے گی،سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، معاشی اہداف میں بہتری آئی ہے،حکومت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کئی منصوبوں پرکام کررہی ہے،ہم نے ایسے اقدامات کیے جس سے زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی اکثریت آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے۔توقع ہے کہ اس قسم کی سرمایہ کاری کانفرنس مزید ہوں گی۔پاکستان میں ہرشعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ہماری حکومت نے مقامی کرنسی کو مضبوط کیا ہے، پاکستان کے یوروبانڈزمیں دلچسپی دیکھی گئی ہے،غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی ظاہرکی ہے،گزشتہ عشرے میں پاکستان میں عالمی مقابلے پرترقی کی شرح کم رہی،ہماری اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے روپے کی قدرمستحکم ہوئی اور اس میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے،ہم نے اپنے نجی شعبے کو این ایل جی میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے،حکومت جلد اوجی ڈی سی ایل کے حصص فروخت کرے گی۔

نواز شریف

مزید :

صفحہ اول -