ایل پی جی قیمتوں میں کمی کا اعلان محض سیاسی دھوکہ نکلا

ایل پی جی قیمتوں میں کمی کا اعلان محض سیاسی دھوکہ نکلا

  

لاہور (کامرس رپورٹر)ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ڈرامہ نکلا دوسری جانب کل سے پیداوار میں کمی کے باعث قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔ صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں گزشتہ روز ایل پی جی پرانی قیمت 140 روپے سے لیکر 180 روپے تک فروخت ہوتی رہی ۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کی جانب سے گزشتہ روز ایل پی جی کی قیمت میں 25 روپے فی کلو کی کمی کا اعلان کیا گیا تھا ۔ اس اعلان کے بعد ڈسٹری بیوٹرز نے مہنگی ایل پی جی کے خلاف گزشتہ روز کئے جانے والا احتجاج منسوخ کر دیا تھا ۔ عرفان کھوکھر نے اعلان کیا تھا کہ اےل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اےل پی جی کی قیمت میں 25روپے فی کلو کی کمی کردی ہے جس سے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 300روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 1200روپے کمی ہو جائے گی ۔ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے ترجمان بلال جبار نے کہا ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کو قیمتوں میں کمی کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ صرف پیداواری کمپنیاں ہی قیمت کم کر سکتی ہیں ۔ دوسری جانب آج سے ایل پی جی کی ملکی پیداوار کا 25 فیصد حصہ پیدا کرنے والا جامشورو پلانٹ سالانہ مرمت کے لئے بند ہو رہا ہے جس سے ایل پی جی کی پیداوار میں کمی ہو جائے گی پیداوار میں کمی کے بعد قیمت میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔

ایل پی جی

مزید :

علاقائی -