ایکوسائی کانفرنس کے انعقاد سے پبلک سیکٹر آڈٹ میں جدت آئے گی،اختر بلند رانا

ایکوسائی کانفرنس کے انعقاد سے پبلک سیکٹر آڈٹ میں جدت آئے گی،اختر بلند رانا

  

لاہور(پ ر) سیکرٹری جنرل ایکوسائی و آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اختر بلند رانا نے کہا ہے کہ ایکوسائی کانفرنس کے انعقاد سے پبلک سیکٹر آڈٹ میں جدت ‘شفافیت اور مالی ضابطگی کو قائم کرنے میں مدد حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ترکی‘ ایران‘ تاجکستان اور پاکستان کے آڈٹ سربراہان اپنے اپنے تجربات کا تبادلہ اور موجود مالی مسائل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکوسائی میں شریک ممالک کے درمیان تاریخی و ثقافتی تعلقات بھی انتہائی گہرے ہیں۔ گورننگ باڈی ٹریننگ کمیٹی اجلاس میں صدر ایکوسائی ڈاکٹر رکائی عقیل (ترک آڈٹ سربراہ) نے کہا کہ کانفرنس میں دنیا میں ہونے والی مالی بے قاعدگیوں کے سدباب کے لئے باہمی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سے مختلف ممالک میں گڈگورننس اور مالی ضابطوں کو فعال بنانے میں انتہائی اہم مدد حاصل ہو گی۔ ایران کے آڈٹ سربراہ ڈاکٹر امین حسین رحیمی نے کہا کہ دنیا کی موجودہ اقتصادی صورتحال میں پبلک سیکٹر کے اکاﺅنٹ و آڈٹ کے لئے بہترین حکمت عملی کا وضع کرنا ایک چیلنج ہے۔ ایکوسائی کانفرنس کے انعقاد سے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔ 19ویں ایکوسائی کانفرنس کے دوسرے دن کے سیشن میں گورننگ بورڈ´ اجلاس میں تاجکستان‘ ایران‘ پاکستان اور ترکی کے آڈٹ سربراہان نے اپنے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔ اجلاس میں پبلک سیکٹر آڈیٹنگ میں بہتری لانے کے لئے ممبر ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے لئے مختلف فیصلے کئے گئے۔

مزید :

علاقائی -