ریاض،غیر ملکیوں سے لنڈا بازارکا قبضہ لینے کیلئے سعودی تاجرمشتعل

ریاض،غیر ملکیوں سے لنڈا بازارکا قبضہ لینے کیلئے سعودی تاجرمشتعل

  

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی شہر حائل کے تاجروں نے شہر کے لنڈا بازار پر غیر ملکی تاجروں اور ملازمین کے غلبے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ بازار کا کاروباری قبضہ سعودی تاجروں کے ہاتھ آسکے۔ اخبار ”الاقتصادیہ“ کے مطابق اس بازار میں استعمال شدہ اشیاءفروخت کی جاتی ہیں اور یہ شہر کی مصروف ترین مارکیٹ ہے۔ حدیری الحربی نامی ایک سعودی تاجر نے بتایا کہ بازار میں کل 51 دکانیں ہیں جن میں سے 47 غیر ملکیوں کے پاس ہیں اور ان پر کام کرنے والے ملازمین کی اکثریت بھی غیر ممالک سے آئے ہوئے لوگوں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مقامی سرمایہ کاروں سے یہ دکانیں تقریباً 5000 سعودی ریال فی ماہ کے عوض حاصل کرلیتے ہیں اور پھر غیر ملکیوں کو ہی ملازمت پر رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عمل کو سعودی شہریوں کی حق تلفی قرار دیا اور بتایا کہ اس سے سعودی تاجروں کو بھی نقصان ہورہا ہے۔ حائل شہر کے لیبر آفس کے ڈائریکٹر جنرل محمد المساری کا کہنا ہے کہ بازار پر متعدد دفعہ چھاپے مار کر غیر قانونی کاروبار میں ملوث غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ سعودیوں کی حق تلفی نہ ہو۔

حق تلفی

مزید :

علاقائی -