جعل سازی سے رقم نکلوانے والے ملزم کو 3 سال قید اور 17 لاکھ جرمانے کی سزا
لاہور (نامہ نگار)بینکنگ جرائم کورٹ پنجاب کے جج عبدالرشید نے مسلم کمرشل بنک ماڈل ٹاون برانچ سے جعل سازی سے 17 لاکھ روپے نکلوانے کے کیس میں ایک ملزم محمد ریاض کو 3 سال قید اور 17 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے جبکہ شریک 3ملزمان کو بری کردیا ہے بینکنگ جرائم کورٹ پنجاب کی عدالت میں ایف آئی اے نے مسلم کمرشل بنک ماڈل ٹاﺅن برانچ کی درخواست پر چار ملزمان محمد ریاض، وسیم افتخار، انس اور عاصم منیرکے خلاف جعل سازی سے چیک دے کر بینک کی 17 لاکھ روپے کی رقم نکلوانے کے الزام میں چالان پیش کیا عدالت نے گزشتہ روز سماعت کی اور جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد ریاض کو 3 سال قید اور 17 لاکھ 25ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے جبکہ عدالت نے اس کیس میں ملوث 3 ملزمان وسیم ،انس اور عاصم منیر کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کرنے کا حکم دیا ہے۔