ایم کیوایم کے وفدکی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

ایم کیوایم کے وفدکی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی
ایم کیوایم کے وفدکی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات، اندرونی کہانی سامنے آگئی

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس دوران ایم کیوایم نے مہاجرصوبے کے حق میں ساتھ دینے کی درخواست کی تاہم وزیراعظم نے واضح جواب دینے سے گریز کیا ۔ملاقات میں کراچی آپریشن پر تحفظات، سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دھرنوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کے چاررکنی بینچ نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نواز شریف نے دھرنوں میں حکومت کا ساتھ دینے پر ایم کیوایم کا شکریہ اداکیا۔

باخبرذرائع نے بتایاکہ متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے سندھ میں نئے مہاجر صوبہ کے قیام کیلئے مسلم لیگ ن کی حمایت کی درخواست کی جس پر وزیراعظم کاکہناتھاکہ نئے صوبوں کیلئے آئین میں طریقہ کار درج ہے ، صوبائی اسمبلی اس سلسلے میں قرارداد منظور کرتی ہے اور ایم کیوایم کو سندھ اسمبلی سے رجوع کرناچاہیے جس پر ایم کیوایم رہنماﺅں کاکہناتھاکہ قومی اسمبلی میں وہ ایک قراردادجمع کراچکے ہیں ، اگر مسلم لیگ ن وفاق میں قرارداد کی حمایت کرے تو اُنہیں اخلاقی حوصلہ افزائی ملے گی جس پر وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کاکہناتھاکہ وہ انتظامی طورپر نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہیں ، متحدہ سے اپیل ہے کہ پیپلزپارٹی سے اپنے تعلقات مذاکرات کے ذریعے حل کریں اور سندھ و ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم کے وفد نے کراچی آپریشن سے متعلق اپنے تحفظات سے وزیراعظم کوآگاہ کیاگیااورموقف اپنایاگیاکہ ایم کیوایم کے کارکنان کو ٹارگٹ اور ماورائے عدالت قتل کیاجارہاہے ، وزیراعظم نواز شریف اس ساری صورتحال کا نوٹس لیں ۔

ذرائع نے بتایاکہ پیپلزپارٹی سے اختلافات کے بعد کی سیاسی صورتحال اورتھر کے حالات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن سندھ کے رہنماءسلیم ضیاءنے وزیراعظم سے ملاقات کی جس دوران سندھ میں پارٹی معاملات اور سندھ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم کے چیمبر میں ہونیوالی ملاقات میں وزیراطلاعات پرویز رشید بھی موجود تھے ۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -