پاکستانی جوڑا بھارت میں مبینہ جائیداد کی خریداری کے الزام میں گرفتار

پاکستانی جوڑا بھارت میں مبینہ جائیداد کی خریداری کے الزام میں گرفتار
 پاکستانی جوڑا بھارت میں مبینہ جائیداد کی خریداری کے الزام میں گرفتار

  

 کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت نے پاکستانی جوڑے پر جائداد کی خریداری کےلئے جعلی دستاویزات کی تیاری کا الزام لگا کر گرفتار کر لیا اور انہیں پاکستان بدر کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، جوڑے کے دو بچے بھارتی شہری ہونے کی وجہ سے ان کی ملک بدری کا معاملہ پیچیدگی اختیار کر گیا ہے ،2006ءمیں سند ھ سے بھارت جانےوالے جوڑے کے طویل مدتی ویزے کی معیاد ابھی باقی ہے۔

ایک بھارتی اخبارکے مطابق وارسیا کے علاقے میں رہنے والے ایک پاکستانی جوڑے کو مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر حراست میں لے لیاگیا ہے ۔ بھارتی سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) نے مبینہ طور پر علاقے میں پراپرٹی خریدنے کےلئے بوگس دستاویزات کی تیاری کے الزام میں دلیپ پنجوانی اور اس کی بیوی سپنا کوگرفتار کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، ووٹر تصویر شناختی کارڈ بنانے کے لئے جعلی دستاویزات بنائیں تاہم ان کی ملک بدری کا معاملہ پیچیدہ ہو گیا کیونکہ ان کے بچے بھارتی شہری ہیں۔یہ پاکستانی جوڑا2006ءمیں طویل مدتی ویزے پر سندھ سے بھارت منتقل ہوا، پہلے وہ دہلی میں ٹھہرے رہے اور اسکے بعد وہ 2008 ءسے واڈڑا میں رہائش پزیر ہیں۔

سپیشل پولیس کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ ویزے کی مدت ابھی باقی ہے ،انہوں نے وارسیا میں جائداد خریدنے کا غیر قانونی کام کیا، بھارتی قانون صرف بھارتی شہریوں کو ملک میں جائیداد خریدنے کی اجازت دیتاہے،کسی بھی غیر بھارتی شہری کو اگر بھارت میں جائیداد خریدنا ہو تو اسے ایک مخصوص طریقہ کار پر عمل کرنا پڑتا ہے۔ پولیس کے مطابق پاکستان جوڑے نے قوانین پر عمل نہیں کیا۔دلیپ کی شہر میں بیکر ی ہے اس نے ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، ووٹر تصویر شناختی کارڈ بنانے کےلئے جعلی دستاویزات بنائیں جبکہ اسکی بیوی نے سکول چھوڑنے کا جعلی سرٹیفکیٹ بنایا ،ان دستاویزات کی تیاری کا واحد مقصدان کامستقل طور پر بھارت قیام ہے۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق ویزا قوانین کی خلاف ورزی پردلیپ اور سپنا کوپاکستان میں جلاوطن کیا جائے گا تاہم پولیس جوڑے کے بچوں کے بارے غور کر ر ہی ہے۔پولیس کے مطابق پاکستانی جوڑے کا آٹھ سالہ بیٹا اور تین سالہ بیٹی دونوں بھارتی شہری ہیں کیو ں کہ وہ دونوں بھارت میں پیدا ہوئے۔

مزید :

قومی -