داعش سے انٹرنیٹ پر مقابلے کیلئے امریکی اتحاد
کویت سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) عراق اور شام میں سرگرم جنگجو گروپ ISISکے خلاف فضائی کارروائیوں کے بعد امریکہ نے انٹرنیٹ پر جہادیوں کی بڑھتی ہوئی موثر سرگرمیوں کا توڑ کرنے کے لیے بھی مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے اور انٹرنیٹ پر داعش کی ترغیب روکنے کیلئے آگے بڑھنے کی تجویز دی ۔
داعش مخالف آپریشن کے لیے اتحادیوں کے درمیان رابطہ کاری کے ذمہ دار سابق امریکی جرنیل جان ایلن نے اس امر کا اظہار کویت سٹی میں داعش مخالف حکمت عملی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے۔
جان ایلن نے کہاکہ داعش اپنی خوفناک طرز کی جنگ کو آن لائن فروغ دے رہا ہے، اس راستے سے اسے اپنی بھرتیاں کرنے کے علاوہ معصوم ذہنوں پر اثر انداز ہونے کا موقع میسر ہے، مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انٹرنیٹ پر بھی اس کے جائز ہونے کی تردید کی جائے اور لوگوں کو بتایا جائے کہ نوجوانوں کے لیے یہ خطرناک ہے، یہ تبھی ممکن ہے جب اس کو حقیقی معنوں میں شکست دی جائے۔