خواتین کس طرح کے خواب دیکھتی ہیں؟سائنس نے بتا دیا
برمنگھم ( نیوز ڈیسک ) خواب ہماری زندگی کا اہم حصہ ہیںاور شخصیت اور مزاج کے بارے میں اہم معلومات دیتے ہیں۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ خواتین کے خواب عموماً مردوں کی نسبت مختلف نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کے متعلق معلومات حاصل کر کے ہم خواتین کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔
مختلف تحقیقات کے مطابق خواتین کے خواب عموماً جذبات ، تعلقات ، عزیزوں اور پیار محبت کے متعلق ہوتے ہیں۔جہاں مردوں کے خوابوں میں لڑائی جھگڑے اور دوڑ بھاگ جیسی باتیں زیادہ ہوتی ہیں وہیں خواتین کے خوابوں میں روزمرہ معاملات کی پریشانیاں یا کسی کامیابی پر خوشی کے جذبات نمایاں ہوتے ہیں۔ان کے خوابوں میں جسمانی جھگڑوں کی بجائے لفظوں کی جنگ زیادہ ہوتی ہے۔بدلتے وقت کے ساتھ خواتین کے خوابوں میں کچھ تبدیلیاں بھی آ رہی ہیں اور آج کل گھر اور دفتری کام میں توازن رکھنے اور کام کے ساتھ بچوں کی دیکھ بھال کی فکر جیسے مسائل بھی خوابوں کا حصہ ہوتے ہیں۔
ماہرین نفسیات کے مطابق خواتین کے خوابوں کا تجزیہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کی زندگی میں جذبات کا گہرا عمل دخل ہوتا ہے اور انہیں اس بات کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے کہ ان کے ساتھ اچھا دوستانہ تعلق پیدا کیا جائے اور ان کے مسائل اور پریشانیوں کو ہمدردانہ طریقوں سے سن کر انہیں مدد اور ساتھ کا احساس دلایا جائےاور یہی وجہ ہے کہ خواتین مدد ،تحفظ اور تعاون کا احساس دلانے والے مردوں میں زیادہ دلچسپی لیتی ہیں۔