نعتیہ کلام ”تاجدارِ حرمؐ“ سوشل میڈیا پر وائرل
لاہور(فلم رپورٹر)گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں محفل میلاد میں پڑھا گیا نعتیہ کلام ”تاجدارِ حرمؐ“سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس کی لوگوں نے بھرپور پذیرائی کی۔عاطف اسلم نے حال ہی میں لاہور میں ہونے والی محفل میلادؐ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی آواز میں خوبصورت نعتیہ کلام ’تاجدارِ حرم‘ پڑھ کر محفل میں سماں باندھ دیا۔گلوکار کی نعتیہ کلام پڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہو رہی ہے جسے مداحوں نے نہ صرف بہت پسند کیا بلکہ مختلف رائے کے ذریعے عاطف اسلم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔سیدہ اذکاء نور نامی صارف نے کہا کہ عاطف کی آواز بہت پیاری ہے، اللہ تعالیٰ انہیں استقامت دے اور مسجد الحرام میں اذان دینے کی ان کی خواہش پوری کرے۔
کوثر علی خان نے کہا کہ حضور پاک ؐکی یہ نعت دل کو چھو لینے والی نعت ہے۔طیب علی نے لکھا کہ عاطف اسلم کی آواز میں پڑھا گیا کلام سن کر اپنا بچپن یاد آگیا کیوں کہ اس دور میں پاکستان ٹیلی ویژن پر جمعہ کے روز درود پاک کی یہ ویڈیو چلتی تھی۔ایمن چوہدری نے گلوکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس آواز جیسی آواز کہاں ہوسکتی ہے۔