راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے کثیر سرمایہ کاری ہو گی،سعدیہ سہیل
لاہور(لیڈی رپورٹر) آفیشل سپوکس پرسن چیف منسٹر پنجاب و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کے ذریعے اندرون و بیرون ملک سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہو گی۔دریائے راوی اپنا قدرتی حسن کھو کر گندے نالے میں تبدیل ہو چکا ہے اورجوہڑ کی شکل اختیار کرنے والے دریائے راوی کا پانی مکمل طور پر آلودہ ہو چکا ہے۔
اس پراجیکٹ کے ذریعے صنعتوں کے فروغ کے علاوہ پانی کی آلودگی سے متعلقہ مسائل بھی حل ہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اورپراجیکٹ کو مرحلہ وار آگے بڑھانے اور اس کے تحت ایک پورا شہر آباد کرنے کے لئے منصوبہ بندی مکمل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اتھارٹی کا ڈیجیٹل پورٹل ایک ہفتے میں لانچ کر دیا جائے گا جس پر پراجیکٹ سے متعلقہ تمام معلومات میسر ہوں گی۔منصوبے کے تحت سات ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائے جائیں گے۔اس میگاپراجیکٹ کی منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اوروزیراعظم کو ہفتہ وار بنیادوں پر منصوبے کی پیشرفت کے متعلق رپورٹس بھجوائی جا رہی ہیں جبکہ منصوبے کے حوالے سے پنجاب حکومت بھرپور مدد فراہم کر رہی ہے۔