سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ترقی کا واحد ذریعہ ہے،ضیاء اللہ بنگش

سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ترقی کا واحد ذریعہ ہے،ضیاء اللہ بنگش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیرسائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوی ترقی کا واحد ذریعہ ہے، وہ قومیں جنہوں نے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی پرتوجہ دی وہ آج ترقی کی معراج پر ہیں۔ نوجوانوں کے صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کیلئے سائنس کلبز کے قیام اور سکول و یونیورسٹیز لیول پر سائنس وٹیکنالوجی کے سیمینار، سائنس مقابلے اور سرکاری سکولوں میں سمر کیمپس قائم کئے جائیں گے۔ تاکہ نوجوان سائنس ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھس کو عملی توجہ دیکر تجربات کی شکل میں استعمال کرنا شروع کردیں جس کیلئے لیبارٹریز کو بھی اپ گریڈ کردیاجائیگا۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے STEM ایجوکیشن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ہمایون خان، منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ علی محمود، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم اعجاز خان، ڈائریکٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالدخان، پراجیکٹ ڈائریکٹر CIU بلال جبار اور دیگراس موقع پر بھی موجود تھے۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ ہم اکیڈیمیا اور ریسرچرز کو لنک کررہے ہیں تاکہ وہ انڈسٹری کی ضرورتوں کے مطابق ریسرچ کرسکیں۔ جس سے روزگار  کے مواقعوں کیساتھ صوبے کی ترقی بھی یقینی ہوجائیگی۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی تمام سائنسدانوں اور ریسرچرز کو ایک پلیٹ  فارم مہیا کررہے ہیں اور ان کی رجسٹریشن کاعمل جاری ہے۔ مشیر سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ جتنے بھی ادارے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کام کررہے ہیں  ان تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ باہمی اشتراکی  لائحہ عمل تیارکرہے ہیں تاکہ حکومت ان کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں طلباء وطالبات کی پروپوزل اورریسرچز کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں تا کہ ان کو استعمال میں لایا جا سکیں۔#