افغانستان، دہشتگردوں کا پولیس سینٹر پر حملہ، 3اہلکار ہلاک، 33زخمی
کابل(آئی این پی)افغان صوبہ خوست میں پولیس سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3اہلکار ہلاک اور 33زخمی ہوگئے، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4دہشت گرد بھی مارے گئے،حملہ آور پولیس سینٹر کی دیوار کو کار بم دھماکے سے اڑاکر اندر داخل ہوئے۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبہ خوست میں صبح 6بجے دہشت گردوں نے پولیس اسپیشل یونٹ سینٹر پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے پہلے پولیس سینٹر کی دیوار کو کار بم دھماکے سے اڑایا اور پھر اندر داخل ہوگئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو طلب کرکے علاقے کو کسی بھی قسم کی آمدورفت کے لیے سیل کردیا گیا۔ خوست کے پولیس چیف کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ایک اور کار کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا جبکہ پولیس سینٹر کی دیگر عمارتوں کو کلیئر کرکے حملہ آوروں کو ایک عمارت تک محدود کردیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز کا ان سے مقابلہ جاری ہے اور اب تک 4دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں جبکہ ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔دوسری جانب صوبہ غزنی میں افغان فورسز نے امریکا کو انتہائی مطلوب اور القاعدہ کے ایک اہم ترین عسکریت پسند کو ہلاک کردیا،مصری شہری ابو محسن المرسی برصغیر میں القاعدہ کادوسرا اہم ترین رہنما سمجھا جاتا تھا جسے نشانہ بنایا گیاہے، اس واقعہ پر افغان حکومت نے طالبان پر الزام عائدکیا ہے کہ طالبان کا ابھی بھی القاعدہ کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔ افغان خفیہ ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی نے آپریشن کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ آپریشن کس طرح اور کب کیا گیا۔
افغان حملہ