معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں،غزن جمال
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ایکسائز وٹیکسیشن سیدغزن جمال اورکزئی نے پشاور کوہاٹ روڈ پر دینی مدرسے میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں۔ مدارس کے بچوں کو نشانہ بنانا کسی مذہب یا انسانیت کا حصہ نہیں۔ معاون خصوصی سید عزن جمال اورکزئی نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ شہدا کے ایصال ثواب کیلئے دعا گو ہیں جبکہ سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے صوبائی حکومت علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے اور اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کیلئے تمام سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی ڈکلئیر کی گئی ہے اور دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔ ان کے مطابق انسانیت سے بڑھ کر کوئی مذہب نہیں دہشتگرد پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ حکومت اور عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشت گردعناصر اپنی کمزوری کا احساس دلارہے ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردی دم توڑ چکی ہے جبکہ امن وآشتی کی فضا کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر پزیرائی ملی ہے۔