گستاخانہ خاکوں کی اشاعت‘ اقوام متحدہ اہم مسئلے کا نوٹس لے‘ زین قریشی 

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت‘ اقوام متحدہ اہم مسئلے کا نوٹس لے‘ زین قریشی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان (نیوز رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ فرانس کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے نہ صرف فرانس میں رہنے والے مسلمانوں بلکہ دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد مسلمانو ں میں تشویش پائی جاتی ہے۔(بقیہ نمبر26صفحہ 10پر)
 ہم اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کو اس مسئلے پر توجہ دینی چاہئے۔فرانسیسی حکومت کو اس پر مثبت کرار ادا کرنا چاہئے تھا۔ نہ کہ اس کو بڑھاوا دینا چاہئے تھا۔فرانسیسی صدر کے بیان پر پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔ پاکستان کی حکومت نے اس مسئلے پر فرانس کے سفیر کو طلب کرکے اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے اور انہیں باور کروایا ہے کہ فرانسیسی صدر کے بیان پر پوری مسلم دنیا سراپا احتجاج ہے۔ اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر قابو پانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاین اے157 یوسی چٹھہ، یوسی کرپال پور‘کھگے والا، ٹاٹے پور، لوٹھر، ملتانی والا سمیت مختلف یونین کونسلوں اور بستیوں میں بجلی، سیوریج اور سڑکوں کے تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا نفرت کے بیج بونے کا رد عمل معاشرے کی تقسیم کی صورت میں آتا ہے۔ معاشروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہئے۔ چوہدری خالد جاوید رڑائچ، ملک محمد امین پنوار‘ملک شوکت حسین‘ ملک نور اکبر پنوار‘ محمد اخلاق‘ محمد امین کلو اور دیگر افراد بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر مخدومزادہ زین حسین قریشی نے مختلف مقامات پر استقبالیہ تقریبات میں بھی شرکت کی اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے بھی ملاقاتیں کیں۔انہوں نے حلقے میں ہونے والی حالیہ فوتگیوں پر تعزیت وفاتحہ خوانی کی۔ اہلِ علاقہ اور حلقے کے لوگوں نے ترقیاتی منصوبوں پر مخدومزادہ زین حسین قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ رکنِ صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں بھی ہمراہ شریک تھے۔
زین قریشی