نشتر ہسپتال میں کرپشن‘ ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے‘ پی ایم اے
ملتان (وقا ئع نگار) پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر طارق وقار سیکرٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان(بقیہ نمبر12صفحہ 10پر)
، ڈاکٹر رانا خاور،ڈاکٹر مرتضی بلوچ، ڈاکٹر شیخ عبدالخالق، ڈاکٹر شریف شاہد، ڈاکٹر خرم ملک، ڈاکٹر عابد کانجو، ڈاکٹر وسیم ریاض، ڈاکٹر مظہر اور ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر کے ہمراہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ہونے والی کروڑوں روپے کی کرپشن اور اس میں ملوث مافیا کی نشاندہی کرنا ہے جس مافیا نے ہمارے ڈاکٹرز ہاؤس آفیسرز اور پی جی آرز کے حقوق پر دن دہاڑے ڈاکہ ڈالا ہے،ہاؤس آفیسرز اور پی جی آرز کی تنخواہوں کی مد میں تقریبا ایک کروڑ تیس لاکھ روپے سے زائد رقم نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے کلرکوں نے خوردبرد کی ہے،نشتر ہسپتال میں بڑی تعداد میں ہمارے ہاؤس آفیسرز بغیر تنخواہوں کے کام کر رہے ہیں اور پی جی آرز پیڈ سیٹ نہ ہونے کی وجہ سے کئی ماہ سے اپنی تنخواہ شروع ہونے کا انتظار کرتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ کرونا میں کام کرنے والے ڈاکٹرز بھی تنخواہوں اور الاؤنسز سے محروم ہیں،اس پورے اسکینڈل میں محمد ارسلان جو کہ بی زیڈ یو کا طالب علم ہے اس کے اکاؤنٹ میں جنوری سے اگست 2020 تک ہاؤس آفیسرز اور پی جی آرز کی تنخواہوں کی مد میں تقریبا 34 لاکھ روپے شفٹ ہوئے جو کہ 31 پی جی آرز کی تنخواہیں تھی اس اسکینڈل کا دوسرا کردار محمد بلال جو کہ نشتر ہسپتال میں کمپیوٹر آپریٹر ہے اس کے اکاؤنٹ میں تقریبا پچھلے 18 ماہ میں ڈاکٹرز کی تنخواہوں کی مد میں تقریبا 90 لاکھ روپے شفٹ ہوئے ہیں،ڈاکٹرز کی شکایات کے بعد پی ایم ملتان نے اس واقعے کا تفصیلی جائزہ لیا جس کے بعد معلوم ہوا کہ جن پی جی آرز کی ٹریننگ مکمل ہوتی تھی یا جو چھٹی پر جاتے تھے ان کی سیٹ خالی نہ کی جاتی تھی اور ملی بھگت سے محمدبلال جوکہ ہاؤس آفیسر اور پی جی آرز کی تنخواہوں کو ڈیل کرتا ہے وہ ان تنخواہوں کو اپنے اور اپنے ساتھی ارسلان کے اکاؤنٹ میں شفٹ کر دیتا تھا،پی ایم اے ملتان اپنے ڈاکٹرز کے حقوق کے لیے پہلے کی طرح اس کرپشن کو بھی ہر سطح پر اجاگر کرے گی تاکہ ہمارے ڈاکٹرز کی حق تلفی نہ ہو،پی ایم اے ملتان وزیراعلی پنجاب، وزیر صحت پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ اور محکمہ اینٹی کرپشن سے مطالبہ کرتی ہے کہ جنوبی پنجاب کی واحد میڈیکل یونیورسٹی جو اس طرح کی کرپشن کے بعد تنزلی کا شکار ہے، اس واقعے کی غیر جانبدار انکوائری کروانے کے بعد ذمہ داروں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے،پی ایم اے ملتان نشتر میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ ہاؤس آفیسرز اور پی جی آرز کی تنخواہوں کے عمل کو آن لائن اور شفاف بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا تدارک کیا جاسکے۔
پی ایم اے