حکومت ہند نے ہمارے وسائل پر قبضہ کرنیکی ایک اور کوشش کی ہے، محبوبہ مفتی
سری نگر(آئی این پی) مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں زمینوں سے متعلق جاری کردہ نوٹی فکیشن حکومت ہند کی طرف سے جموں و کشمیر کے لوگوں کے اختیارات ختم کرنے، جمہوری حقوق سے محروم رکھنے اور وسائل پر قبضہ کرنے کے سلسلے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔ منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ دفعہ 370کو منسوخ کرنے اور وسائل کی لوٹ مار کے بعد اب زمینوں کی کھلے عام فروخت کے لئے راہ ہموار کی گئی ہے۔محبوبہ مفتی نے یہ بات بھارت کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹی فکیشن کے جواب میں کہی ہے۔جاری نوٹی فکیشن کے تحت بھارت کے شہری اب مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ میں زمینیں خریدنے کے مجاز قرار دیے گئے ہیں۔
محبوبہ مفتی