پشاور میٹرو کی ایک اور بس ہمت ہار گئی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پشاور کی بی آرٹی کے پی کے حکومت کیلئے سر درد ہی بن گئی ہے کیونکہ جب سے بیچاری چلنا شروع ہوئی ہے کسی نہ کسی بہانے ’ بیمار‘ پڑ ہی جاتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بی آر ٹی کا افتتاح ہوا تو چند دن کے بعد اس میں آتشزدگی کے واقعات دیکھنے میں آئے تو سروس کو معطل کر دیا گیا ، معطلی کے بعد بسوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان میں پرزوں کی مرمت بھی کی گئی ، مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد انہیں 38 روز کے تعطل کے بعد پھر سے 24 اکتوبر کو چلایا گیا لیکن اب پھر اس میں خرابیاں آنا شروع ہو گئیں اور مسافروں کو بڑی کوفت کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔
بی آرٹی کی ایک بس دو روز قبل بھی خراب ہوئی تھی جس میں گیئر کا مسئلہ آیا تھا تاہم آج ایک مرتبہ پھر سے بی آر ٹی کی بس فردوس سٹیشن پر خراب ہو گئی جس کو راستے سے لے جانے کیلئے کرین کو بلایا گیا ۔