کورونا وائرس کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی، فخر زمان نے بھی دل کی بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع ہونے جا رہی ہے جو خوش آئند ہے، زمبابوے کیخلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے پرامید ہوں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کا پاکستان میں آنا بہت خوش آئند بات ہے، زمبابوے کے خلاف سیریز میں اچھی پرفارمنس کرنے کیلئے پر امید ہوں، ٹی 20 اور ایک روزہ میچ دو کافی مختلف فارمیٹ ہیں، پریکٹس میچوں سے قومی ٹیم کو بہت فائدہ ہوا ہے، عابد علی، امام الحق، بابر اور میں کافی عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاروں کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ اچھی پرفارمنس دیں، ناقدین کرکٹرز کیلئے بہت معنی رکھتے ہیں لیکن میرا ایک اپنا کھیلنے کا سٹائل ہے اور میں نے یونس خان اور مصباح الحق کے ساتھ کافی کام کیا ہے، میرا فوکس ریڈ بال کرکٹ ہے جس پر میں نے لاک ڈاﺅن میں کافی محنت کی ہے، دورہ انگلینڈ پر ہم نے شروع میں ریڈ بال کرکٹ کھیلی تھی، جس سے کھیل میں بہتری آئی ہے۔